اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ( پی ٹی سی ایل) نے اپنے لینڈ لائن اور براڈ بینڈ صارفین کے لیے موبائل ایس ایم ایس سے منفرد کسٹمر کمپلینٹ رجسٹریشن سروس کا اجراء کیا ہے۔
اس بارے میں پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ صارفین اب پانچ نہایت آسان اقدامات کے ذریعے اپنی شکایا ت کا اندراج کروا سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پہلے اقدام کے طور پر صارف (سی ایم پی )ٹائپ کرے گا پھر وہ ایریا کوڈ اور لینڈ لائن نمبر ، اس کے بعد پروڈکٹ کوڈ یعنی لینڈ لائن کے لیے ایل ایل یا براڈبینڈ کے لیے بی بی ٹائپ کرے گا۔ چوتھے اقدام میں وہ05-12181218پر بھیج دے گا اور آخری پانچویں اقدام میں وہ کمپلینٹ رجسٹریشن نمبر حاصل کرے گا یا محضHELP ٹائپ کر کے 05-12181218پر بھیجے گا۔ مزید براں پی ٹی سی ایل نے جدید ترین ٹیکنالوجیز پر مبنی کمپلینٹ مینیجمنٹ سسٹم قائم کر رکھا ہے۔ تاکہ اپنے پانچ (5)ملین سے زائد معزز صارفین کو کمیونیکیشنز کی سہولیات بدرجہ اتم فراہم کر سکے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ گزشتہ پندرہ (15)سالوں کے دوران پی ٹی سی ایل نے اپنے صارفین کی سہولت اور ان سے بہترین تعلقات قائم رکھنے کے پیش نظر مختلف سروسز کامیابی سے مہیا کی ہیں۔
اس موقع پر پی ٹی سی ایل سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ (کمرشل )نوید سعید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل نے مسلسل صارفین کے اطمینان اور ان کی تسلی کے عین مطابق اپنی کوششیں جاری رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کا جدید ترین ایس ایم ایس کسٹمر کمپلینٹ سروس سسٹم بھی ان کے لیے نہایت سود مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو فوری معلومات کی فراہمی سے باقاعدگی سے شکایات کے ازالے میں مدد اور استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔
پی ٹی سی ایل ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ( کسٹمرز کیئر) محمد کامران ملک نے اس سروس کے حوالے سے بتایا کہ پی ٹی سی ایل کی اس نئی موبائل ایس ایم ایس سروس سے معزز صارفین کو تیز رفتار شکایا ت کے اندراج کا نظام اور ہمارے کال سینٹرز تک کم سے کم وقت میں رسائی میسر آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی سی ایل کے مدنظر ہمیشہ صارفین کو سہولیات جدید ترین تقاضوں کے ہم آہنگ فراہم کر نا رہا ہے جو کہ معزز صارفین کی ضروریات کے عین مطابق نت نئی کمیونیکیشنز سے منسلک ہیں۔
2011-12-27