اسلام آباد (خصو صی رپورٹ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ(پی ٹی سی ایل) نے امسال اپنے چالیس(40)ملازمین کو حج کی سعادت پہنچا کران کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کر دیا۔
ان ملازمین حجاج کرام کے اعزاز میں ایک مقامی ہوٹل میں ظہرانے اور تقریب کے انعقاد کے موقع پر پی ٹی سی ایل کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ(ہیومن ریسورس اینڈ ایڈمن) سید مظہر حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل حج کی زندگی بھر کی روحانی اور مذہبی فریضے کی ادائیگی کی خواہش کی تکمیل میں اپنے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو سہولت پہنچانے پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی سی ایل اپنے ورکرز کابے حدخصوصی خیال رکھتی ہے۔ اور انہیں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر غیر معمولی اعزازت و انعامات سے نوازتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ در حقیقت پی ٹی سی ایل کی طرف سے انہیں فریضہ حج کی پیشکش کرنے کا مقصد ان کی شاندار کارکردگی کو سراہنا اور حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس تقریب میں پی ٹی سی ایل کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ ملازمین حجاج کرام نے حج کی بابرکت سعادت کی فراہمی میں پی ٹی سی ایل انتظامیہ کا بے حد شکریہ ادا کیا اور سراہا ۔پی ٹی سی ایل حجاج ملازمین کی نمائندگی کرتے ہوئے حاجی عجب گل اورکزئی نے کہا کہ پی ٹی سی ایل ایک کمپنی ہے جو کہ ہم سب ملازمین کے لیے ایک ماں کا درجہ رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب اپنے ادارے کی ترقی اور ڈویلپمنٹ کیلئے بھر پور انداز میں کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ہمیں اس طرح کے اقدامات سے یہی ترغیب ملتی ہے۔بتایا گیا کہ پی ٹی سی ایل سٹاف کو حج پر بھیجنے کے عمل کو صاف شفاف رکھا گیا ہے اور کارکردگی کی بنیاد پر ان کا انتخاب کیا گیا ہے اور انہیں ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچائی گئی ہیں