وزیر اعظم کی جانب سے کمپیوٹر کی صنعت سے متعلق نئے ویژن کا اعلان خوش آئند ہے، پی سی اے
admin
اسلام آباد ( خصو صی رپورٹ ) پاکستان میں آئی ٹی اور کمپیوٹر انڈسٹری کو اس کی استعداد کے مطابق کبھی استعمال نہیں کیا گیا تاہم وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے حالیہ بیان خوش آئیند ہے جس میں انہوں نے اس شعبہ کو فروغ دینے کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ان اقدامات کی کامیابی کیلئے اعلان کی گئی پالیسی پر درست عملدرآمد البتہ بہت اہم ہو گا اور حکومت کا اصل امتحان ہو گا۔اس امر کا اظہار پاکستان کمپیوٹر ایسوسی ایشن (پی سی اے) کے مرکزی صدر منور اقبال نے ایسوسی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منور اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے یہ اعلان انتہائی لائق ستائش ہے کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ملک میں بے روز گار نوجوانوں کیلئے کمپیوٹر کی تربیت کا پروگرام شروع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کی صورت میں ناصرف بے روزگاری کا خاتمہ ہو سکتا ہے بلکہ کمپیوٹر کی صنعت میں ہنر مندافرادی قوت کی دستیابی سے اس شعبہ کی ترقی میں بھی بھرپور مدد ملے گی۔ پی سی اے کے مرکزی صدر نے کہا کہ 15ارب روپے کی لاگت سے ملک کے مختلف حصوں میں آئی ٹی سٹی اور آئی ٹی سینٹرز قائم کرنا ایک اور خوش آئند اعلان ہے تاہم اس پالیسی پر درست اور بروقت عملدرآمد ہی مطلوبہ نتائج کا حامل ہو سکتا ہے جس پر بھرپور توجہ دئے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی اے نے پاکستان میں کمپیوٹر کی صنعت کے نمائندہ ادارہ ہونے کے ناطے موجودہ اورا س سے قبل ہر حکومت کو مثبت تجاویز دیں تاکہ اس شعبہ کی اصل استعداد حاصل کرتے ہوئے ملک کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور کمپیوٹر کے شعبہ میں اپنی پالیسیوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے حکومت کو نجی شعبہ کے ساتھ وسیع مشاورت کرنی چاہئے۔ منور اقبال نے کہا کہ پی سی اے حکومت کی مجوزہ پالیسی اور خصوصاً نوجوانوں کو تربیت بہم پہنچانے کے حوالہ سے حکومت کو اپنی معاونت دینے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کمپیوٹر اور آئی ٹی کے حوالہ سے اپنی دیگر پالیسیوں پر بھی نظر ثانی کرے تاکہ یہ اہم شعبہ کسی رکاوٹ کے بغیر نشوو نما پا سکے اور ملکی معاشی ترقی میں اپنے حصہ کا کردار ادا کر سکے۔