لاہور (خصوصی رپورٹ) حکو مت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضا کو یقینی بنانے اور عزاداری جلوسوں کی موثر نگرانی کے لئے پہلی مرتبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیاہے اور اس ضمن میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکی جانب سے جدید خطوط پر مبنی پروگرام اور سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ امن وامان کی صورتحال کو بہرصورت برقرار رکھنے کے لئے گزشتہ برسوں کی طرح روایتی سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھی بھرپور استعمال کیا جائے گا۔پنجاب کے تمام 9 ڈویژنوں اور بالخصوص لاہور میں محرم الحرام کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کے راستے میں جابجاسکیورٹی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ان کیمروں کو براہ راست انٹر نیٹ کے ذریعے ایک مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا جائے گا۔ اس طرح اس مرکزی کنٹرول روم میں بیٹھ کر تمام عزاداری جلوسوں کی حرکات وسکنات کو دیکھا جا سکے گا اور بوقت ضرورت انہیں کنٹرول بھی کیا جا سکے گا۔سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ مشہور زمانہ ’گوگل‘ سے استفادہ کرتے ہوئے ایک جامع سکیورٹی پلان بھی مرتب کیا گیا ہے جس کی مدد سے جلوس کی کسی بھی جگہ موجودگی کو براہ راست مرکزی کنٹرول روم میں دیکھا جا سکے گا۔تخریب کاری کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ جدید سکیورٹی پلان اس بات کو یقینی بنانے میں مدد گار ہو گا کہ جلوسوں کے راستے میں کسی بھی جگہ کسی قسم کا رخنہ نہ پڑنے پائے اور تخریب کار کسی بھی انداز میں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل نہ کر پائیں۔ ان سکیورٹی انتظامات کے سبب اس بات کو ممکن بنایا گیا ہے کہ جلوس کے راستوں میں موجود کسی بھی تخریب کارکی بروقت نشاندہی کرکے اس پر قابو پایا جا سکے اور انسانی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس استعمال کے ساتھ ساتھ خفیہ ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران اور جاسوس کتے جلوسوں کو آغاز سے اختتام تک کسی بھی قسم کی ممکنہ تخریب کاری یا دہشت گردی کے واقعات سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوں گے۔