ایک کروڑ 53 لاکھ 50 ہزار موبائل صارفین نے اپنا نمبر دوسری کمپنی کے نیٹ ورک پر منتقل کیا ،قومی اسمبلی کو آگاہی
اسلام آباد (خصو صی رپورٹ)قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت موبائل فون صارفین کی تعداد12کروڑ ایک لاکھ 51 ہزار 235 ہے۔ پیر کو وقفہ سوالات کے دوران تسنیم صدیقی کے سوال کے جواب میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے بتایا گیا کہ موبائل صارفین کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں 6 کروڑ 67 لاکھ 86 ہزار 545 ہے جبکہ سندھ میں 3 کروڑ 40 لاکھ 39 ہزار 623 خیبر پختونخوا میں ایک کروڑ 28 لاکھ 82 ہزار 315 بلوچستان میں 40 لاکھ تین ہزار 541 آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 23 لاکھ 79 ہزار 211 موبائل صارفین ہیں۔ ایوان کو بتایا گیا کہ ایک کروڑ 53 لاکھ 50 ہزار موبائل صارفین نے ایم این پی کی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنا نمبر دوسری کمپنی کے نیٹ ورک پر منتقل کیا ہے موبائل نمبر پورٹیبلٹی کے سسٹم کی تنصیب کیلئے ہر موبائل آپریٹر نے تقریباً 3 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن نے دھوکہ دہی پر مبنی اشتہارات کو بند کرنے کیلئے سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور موبائل آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیلنس ٹرانسفر کی سہولت موبائل صارفین سے واضح اجازت کے ذریعہ کی جائے۔
2012-11-20