اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) موبائل فون صارفین تھری جی ٹیکنالوجی 2013 کے وسط تک استعمال کرسکیں گے جس کے سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل جنوری کے دوسرے ہفتہ تک مکمل کرلیا جائے گی توقع ہے کہ اس نیلامی سے قومی خزانہ کو ایک سے دو ارب ڈالر مل سکیں گے اس کا انکشاف وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کام میر طارق زمان اور چیئرمین پی ٹی اے فاروق احمد اعوان نے صحافیوں کے گروپ سے گفتگو میں کیا ہے۔ تھری جی سپیکٹرم کی نیلامی دوبار ناکام ہونے کے بعد اب تیسری مرتبہ شروع کی جارہی ہے جس کی منظوری وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں منعقد نگراں کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی ۔ اس اجلاس میں ٹیلی کام اتھارٹی نے 3 عالمی مشیروں کی بھی منظوری حاصل کی گئی ہے جن کا انتخاب اتھارٹی کو موصول ہونے والی 51 درخواستوں میں سے کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے فاروق احمد اعوان نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ تھری جی سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے کینیڈا ٗ امریکا اور آسٹریلیا سے مشیروں کا تقرر کیا گیا ہے جو نیلامی کے تمام عمل کو ہر طرح سے شفاف اور آزادانہ بنانے کیلئے پروگرام وضع کریں گے۔ ان مشیروں کو حکومت پاکستان 5 لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالر ادا کرے گی۔ تین ماہ کی مدت میں نیلامی کے تمام عمل کی نگرانی ٗ ڈائزئنگ اور اس پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہوں گے۔ ان مشیروں کو 30 میگا ہرٹز سپیکٹرم کی نیلامی کی ذمہ داری دی جائے گی۔ اس میں ملکی اور غیر ملکی تمام کمپنیاں بلا امتیاز حصہ لے سکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہی مشیر پاکستان کے ارکان پارلیمنٹ ٗ سول سوسائٹیز اور صحافیوں کو بریفنگ بھی دیں گے۔ انفارمیشن میمورنڈم بھی نیا تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری کے پہلے ہفتہ تک نیلامی کے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد کامیاب بولی دہندگان کمپنیوں سے معاہدے ہوں گے اور تین سے چھ ماہ کے عرصہ میں تھری جی ٹیکنالوجی موبائل فون استعمال ہوسکیں گے۔
2012-11-21