پنجاب حکومت مائیکروسافٹ کمپنی کے ساتھ مل کر آئی ٹی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے پروگرام پر عمل پیراہے،
وزیراعلیٰ پنجاب کا مائیکروسافٹ اینوویشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب
لاہور( خصو صی رپورٹ ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے۔ نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ اورآئی ٹی ٹیکنالوجی کو فروغ دیکر ملک کو معاشی طور پر مستحکم کیاجاسکتاہے۔پنجاب حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیراہے اور بین الاقوامی کمپنی مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔نئی نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے اخراجات ملک کے مستقبل کے لئے سودمندسرمایہ کاری ہے اور جدید علوم کو فروغ دیکر ہی پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار ہوسکتاہے۔ پنجاب حکومت صوبائی دارالحکومت میں ملک کی پہلی آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لارہی ہے اور اس حوالے سے قانون سازی بھی کرلی گئی ہے۔وہ بدھ کویہاں ارفع کریم سافٹ وئیرٹیکنالوجی پارک میں مائیکروسافٹ کمپنی اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے قائم کئے گئے پنجاب میں پہلے”مائیکروسافٹ اینوویشن سینٹر”کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ مشرق وسطیٰ و افریقہ کے لئے مائیکروسافٹ کے وائس چیئرمین علی فرماوی(Ali Faramawi)،جنرل منیجر سید حشیش ، مسلم لیگی رہنما ومائیکروسافٹ کے کنٹری ڈائریکٹر کمال احمد،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف،ارفع کریم کے والدین اور طلبا وطالبات نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مائیکروسافٹ اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے اینوویشن سینٹر(Innovation Centre) کا قیام خوش آئند اقدام ہے اور اس سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں مدد ملے گی اور صوبے میں آئی ٹی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مائیکروسافٹ کمپنی پنجاب حکومت کا ایک اہم شراکت دار ہے او رہمیں آئی ٹی کے فروغ کے لئے ان تعلقات کو مزید بڑھاناہے۔ انہوں نے کہاکہ مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر آئی ٹی کے شعبے کے وہ اہداف حاصل کریں گے جنہیں ماضی میں نظرانداز کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ پڑوسی ملک بھارت کے مقابلے میں پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں بہت پیچھے ہے، بھارت کی آئی ٹی سے وابستہ تجارت 60ارب ڈالر ہیجبکہ پاکستان کی اس شعبے میں تجارت اس کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ ہمیں اس شعبے میں ابھی طویل سفر طے کرنا ہے اور ہم مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر اپنے اہداف حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے مختلف شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا ہے۔ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے منصوبے پر بھی تیزی سے عمل جاری ہے۔ لاہور سمیت صوبے کے دیگر مختلف اضلاع میں یہ نظام فنکشنل ہوگیاہے جبکہ آئندہ سال صوبے کے 36اضلاع میں لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل مکمل کرلیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے نظام سے شہریوں کو پٹواری اور تحصیلدار کے استحصال سے نجات ملے گی اور انہیں اپنی جائیدادوں کے انتقالات اور ملکیتی کاغذات کے حصول میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ اس سسٹم سے کرپشن کا بھی مکمل خاتمہ ہوگا اور اس منصوبے کی تکمیل سے اٹک سے رحیم یار خان تک کوئی پٹواری لوگوں سے پیسے نہیں بٹور سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی کاوشوں سے اس سال ڈینگی کی وباپر مکمل کنٹرول کیاگیاہے اور ڈینگی کی وبا سے نمٹنے کی کاوشوں میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا تعاون لائق تحسین رہاہے۔صوبے کے چار ہزار تین سو ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبز مکمل طو رپر فنکشنل ہیں اور لاکھوں طلبا ان سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے لاہو رمیں مائیکروسافٹ کمپنی کی جانب سے ایپ لیب (App Lab)کے قیام کی تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ مائیکروسافٹ کمپنی آئی ٹی یونیورسٹی میں فکیلٹی کے قیام کا بھی جائزہ لے۔انہوں نے کہاکہ اینوویشن سنیٹر کا قیام بڑی کامیابی ہے اور اس سے آئی ٹی کے نئے پروگرام شروع کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ مائیکروسافٹ کے وائس چیئرمین علی فرماوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اینوویشن سینٹر کا قیام مستحسن اقدام ہے اور یہ پنجاب حکومت اور مائیکروسافٹ کمپنی کے مابین تعاون کے معاہدے کی عملی شکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون کو مزید وسعت دیناہے۔ چیئرمین پنجاب انفارمیشنٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہاکہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی قیادت میں آئی ٹی ٹیکنالوجی کے فروغ کے پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مائیکروسافٹ کے ساتھ طویل تعلقات کے خواہاں ہیں۔ مسٹر کمال احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے مائیکروسافٹ انوویشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس کا دورہ بھی کیا۔