اسلام آباد (خصو صی رپورٹ) حکومت نے گوگل کی طرف سے یو ٹیوب سے درخواست کے باوجود گستاخانہ مواد پر مبنی اسلام مخالف فلم نہ ہٹانے پر گوگل گروپ کے ساتھ قانونی معاہدے کیلئے مشاورت شروع کردی‘ وزارت داخلہ ‘ آئی ٹی اور خارجہ امور کے حکام کے مابین ان معاہدوں کے سلسلہ میں مشاورت کی جارہی ہے‘ گوگل کے ساتھ معاہدہ طے پا جانے کے بعد ہی یو ٹیوب کو کھولا جائے گا‘ سیکرٹری آئی ٹی طارق محمود نے تصدیق کردی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے گوگل کو خط لکھا تھا کہ یو ٹیوب سے اسلام مخالف گستاکانہ فلم ہٹا دی جائے جس پر گوگل نے حکومت پاکستان کو جواب دیا کہ آپ کا ہمارے ساتھ باقاعدہ معاہدہ نہیں ہے اس لئے ہم آپ کی درخواست پر عمل درآمد نہیں کرسکتے جس کے بعد وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے گوگل کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لئے دفتری کام شروع کرتے ہوئے وزارت داخلہ‘ پی ٹی اے‘ کابینہ ڈویژن‘ قانون انصاف اور دفتر خارجہ کے ساتھ خط و کتابت شروع کردی ہے اور جلد از جلد گوگل کے ساتھ معاہدہ طے پا جانے کی توقع ہے اس حوالے سے جب سیکرٹری آئی ٹی طارق محمود سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گوگل نے حکومت پاکستان کے خط کا جواب دیتے ہوئے نشاندہی کی ہے کہ پاکستان کے گوگل انتظامیہ کے ساتھ کوئی قانونی تحریری معاہدہ نہیں ہے جس کی بنا پر ویب سائٹ گستاکانہ مواد کو ہٹانے کے احکامات جاری کئے جاسکیں اس کے بعد وزارت آئی ٹی نے معاہدہ کرنے کیلئے کام شروع کردیا ہے ہماری خواہش ہے کہ یہ معاہدہ جلد از جلد کیا جاسکے تاہم اس میں دیگر وزارتیں بھی شامل ہیں جن سے مشاورت کی جارہی ہے ان کی رائے لینے کے بعد وزارت خارجہ کے ذریعے معاہدہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ یو ٹیوب کی بحالی کیلئے کوئی ٹائم نہیں دے سکتے گوگل سے معاہدہ کے بعد ہی بحالی پر غور کیا جاسکتا ہے۔