اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ۔ ممبر فنانس نصرالکریم غزنوی اور ممبر ٹیکنیکل ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر کے دستخطوں سے احکامات جاری ہورہے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر چیئرمین اتھارٹی فاروق احمد اعوان معطل ہوچکے ہیں لیکن کیبنٹ ڈویژن نے دونوں ممبرز میں سے کسی کو بھی قائم مقام چیئرمین مقرر نہیں کیا ہے اس کے باوجود اتھارٹی کے دس افیسرز کے تبادلے ہوچکے ہیں ۔ ان میں افرادی قوت (HR) تعلقات عامہ اور دیگر شعبوں میں تبادلے ہوئے ہیں۔ اس حوالہ سے ممبر فنانس نصرالکریم غزنوی نے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ کیبنٹ ڈویژن کو ایسا خط جاری کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ ٹیلی کام اتھارٹی خود مختار ادارہ ہے۔ ٹیلی کام ایکٹ کے قواعد کی روشنی میں احکامات جاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین فاروق اعوان کے دور میں بلاجواز تبادلے کئے گئے اور جن آفیسرز نے حکم کی تعمیل نہیں کی ان کو بھی دوسری جگہ تبدیل کردیا گیا سید نصرالکریم غزنوی نے کہا کہ ہم سابقہ دور کی غلطیوں کی اصلاح کررہے ہیں۔ یاد رہے ٹیلی کام اتھارٹی کے افیسر سجاد لطیف اعوان نے کیبنٹ سیکرٹریٹ وزیراعظم سیکرٹریٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کو مراسلہ ارسال کیا تھا جس میں دونوں ممبرز کے اقدامات اور تبادلوں کو ایکٹ کے قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا تھا جس پر کیبنٹ ڈویژن کی طرف سے واضح تنبیہ کی گئی تھی کہ دونوں ممبرز اپنے اختیارات کی حدود میں رہیں ۔ چیئرمین کے اختیارات کسی ممبر کو نہیں دیئے گئے ہیں۔