لاہور(خصو صی رپورٹ)انتخابی سال میں بڑھتی ہوئی میڈیا وار میں وسائل کی کمی کو دیکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے انٹرنیٹ پر انصاف ٹی وی کے نام سے اپنا ویب ٹیلیویژن چینل بھی متعارف کرادیا۔تحریک انصاف سوشل میڈیا کے سربراہ عمران غزالی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو اکثر میڈیا میں نظر انداز کردیا جاتا ہے جس کے باعث یہ اقدام کیاگیاجبکہ پی ٹی آئی کے ملک گیر انتخابی مہم کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ہمیں دیگر جماعتیں جیسے پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے مقابلے میں وسائل کی کمی کا سامنا ہے تاہم اس سلسلے میں ہمارا ویب چینل انصاف ٹی وی موثر ثابت ہوگا، جس کے ذریعے ہم ہر شخص تک اپنا پیغام پہنچا سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ انصاف ٹی وی کے ذریعے لوگ نہ صرف عمران خان کی سرگرمیوں سے آگاہ ہوسکیں گے بلکہ اس سے وہ ہمارے دیگر ارکان کے بارے میں بھی معلوم کرسکیں گے جنہیں کوئی نہیں جانتا،ہم ایسے افراد کیلئے میڈیا میں انتہائی بھاری قیمت پر وقت نہیں خرید سکتے۔اسد عمر نے کہا کہ ہمارے متعدد امیدوار گمنام ہیں ہماری صف اول کی قیادت کے بارے میں تو سب جانتے ہیں مگر دوسرے درجے کی قیادت سے لوگ واقف نہیں۔اس ٹی وی میں بیشتر توجہ تحریک انصاف کی دوسرے درجے کی قیادت کے وڈیو پیغامات پر دی جائے گی جب کہ پارٹی کے عوامی اجتماعات،ریلیوں اور ڈاکومنٹریز کی وڈیوز بھی یہاں دیکھی جاسکیں گی۔
2013-01-29