اسلام آباد۔۔۔۔ وزیر دفاع نوید قمر نے قومی اسمبلی کو یقین دلایا ہے کہ حکومت ختم ہونے سے قبل یو ٹیوب کھول دی جائے گی۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے یوٹیوب کھولنے کا مطالبہ کیا۔ بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران شازیہ مری نے کہا کہ گذشتہ سال یو ٹیوب کو بند کرنا درست فیصلہ تھا۔ متنازعہ فلم کے باعث مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب اس بات کو کافی عرصہ گزرچکا ہے۔ یوٹیوب کو بند رکھنا اس مسئلے کا مستقل حل نہیں ہے اس کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ گذشتہ سال 18 ستمبر کو یوٹیوب بند کرنا بجاء تھا۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ فلم کی باعث حکومت نے بروقت ایکشن لے کر یو ٹیوب کو بند کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوب کو گذشتہ سال تو بند کرنا ٹھیک تھا لیکن ہمیں اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوب اطلاعات اور تفریح کا اہم ذریعہ ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ ہمیں اپنے مانیٹرنگ نظام کو بہتر بناکر یوٹیوب کی سروسز کو بحال کرنا چاہئے۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ انہیں اس حوالے سے ایک پاکستانی نوجوان کا خط موصول ہوا ہے جس میں اس نے یوٹیوب کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نوجوان اپنے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لاسکتے ہیں۔ شازیہ ماری نے کہا کہ وزیر داخلہ اور دیگر متعلقہ ادارے یوٹیوب کو بحال کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کریں۔ شازیہ مری نے مزید کہا کہ ایک ٹی وی چینل پر ملک میں تعلیم کے حوالے سے سیاستدانوں کو بدنام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی اتنی معصوم نہیں کہ سیاستدان اسے استعمال کرسکیں۔ ملک کو بیوروکریسی نے تباہ کیا۔ وزیر دفاع نوید قمر نے کہا کہ حکومت یو ٹیوب کو کھولنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور اسمبلی کی تحلیل سے قبل اسے کھول دیا جائے گا۔
2013-03-06