اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سندھ ہائیکورٹ نے مسابقتی کمیشن کے شوکاز نوٹسز پر مزید کارروائی روک دی ہے جو کمیشن نے ملک کی تیرہ فون کمپنیوں ٗ ٹیلی کام اتھارٹی اور وزارت ٹیلی کام کو ارسال کئے تھے۔ مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن نے حالیہ نوٹسز سپریم کورٹ کے گزشتہ ہفتہ موصول ہونے والے حکم کی روشنی میں جاری کئے تھے نوٹسز انٹرنیشنل کالنگ ہاؤس کی تشکیل اور ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیاں معاہدوں پر جاری کئے گئے ہیں۔ ٹیلی کام کمپنیوں نے انٹرنیشنل فون کالز کی پاکستان میں منتقلی کا مشترکہ نظام اختیار کیا ہے جس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا جس پر انٹرنیشنل کالنگ ہاؤس کے نظام کو معطل کردیا گیا۔ تاہم سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے مسابقتی کمیشن سے کہا تھا کہ وہ اس نظام کا اس حد تک جائزہ لے کہ اس کی تشکیل میں مسابقتی کمیشن کے قواعد کی کسی حد تک خلاف ورزی ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ کے اس حکم پر مسابقتی کمیشن نے سماعت کے نوٹسز جاری کرنے کی بجائے ٹیلی کام کمپنیوں کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے جن کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا کراچی کی چار کمپنیوں نے موقف اختیار کیا کہ مسابقتی کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔ کمیشن کو جس حد تک سماعت کرنے کا اختیار دیا ہے۔ شوکاز نوٹسز اس حکم کی روح کی خلاف ورزی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے چاروں کمپنیوں کی استدعا منظور کرتے ہوئے مسابقتی کمیشن کو اس حوالہ سے مزید کارروائی سے روک دیا ہے اور مزید سماعت کیلئے پی ٹی اے وزارت ٹیکنالوجی اور مسابقتی کمیشن کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ یاد رہے مسابقتی کمیشن نے اپنے نوٹسز کی سماعت منگل (آج ) سے کرنا تھی۔