اسلام آباد ( خصو صی رپورٹ.. نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن (این ٹی سی) نے 284 سابق ارکان قومی اسمبلی کے نادہندہ ارکان کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوا دیئے‘ نادہندگان میں قمر زمان کائرہ ، چودھری نثار علی خان ، منظور وٹو ، عبدالحفیظ شیخ ، چودھری شجاعت ، اسفندیار ولی ، مولانا فضل الرحمن ، فاروق ستار ، مخدوم امین فہیم،فیصل کریم کنڈی، احمد مختار ، جمشید دستی ،فردوس عاشق اعوان، سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا اور دیگر شامل ہیں۔ ان سابق اراکین قومی اسمبلی نے سرکاری نمبروں والے ٹیلیفونز کی اپنے ذمہ 1کروڑ 21لاکھ 40 ہزار کے بلوں کی ادائیگی کرنا ہے جو پارلیمانی لاجز اور دیگر مقامات پر ان کی رہائش گاہوں پر لگائے گئے تھے‘ نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن نے ان 284 سابق اراکین قومی اسمبلی کے نادہندگی کے حوالے سے فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرادی جو کہ الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ آفیسرز کو بھجوا دی ہے ۔ بدھ کے روز سرکاری ادارہ نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن کی جانب سے 284 سابق اراکین قومی اسمبلی کے ٹیلیفون نادہندگی کی فہرست الیکشن کمیشن کو دی گئی جس کے تحت سابق اراکین قومی اسمبلی کی نااہلی کا خطرہ ہوگیا ہے۔ نادہندہ سابق اراکین قومی اسمبلی میں احمد مختار 86 ہزار 255، عبدالحفیظ شیخ 60 ہزار ، چودھری شجاعت 32ہزار ، انوشہ رحمن 12ہزار ، عبدالقادر پٹیل 22ہزار ، اسفندیارولی 2 ہزار 244 ، فہمیدہ مرزا22ہزار 638 ، فاروق ستار 8 ہزار 309، جمشید دستی 13ہزار 152 ، مولانا فضل الرحمن 25ہزار 227 ، فیصل کریم کنڈی 29 ہزار 326 ،چودھری نثار علی خان 38 ہزار 900 روپے کے نادہندگان ہیں جبکہ نور عالم خان ، ندیم افضل چند ، عبدالقیوم جتوئی، بشرا رحمن اور دیگر بھی نادہندگان میں شامل ہیں۔ اب ان سابقہ اراکین قومی اسمبلی کی نااہلی کا خدشہ اس وقت تک باقی رہے گا جب تک یہ ٹیلیفون کے بل جمع نہیں کرادیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بھی 284 سابق اراکین قومی اسمبلی کی فہرست دیکھ کر ریٹرننگ افیسرزکو بھجوادی ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ بجلی ، گیس اور ٹیلیفون کے نادہندگان کے فارم مسترد ہوجائیں گے اور وہ امیدوار نااہل قرار دیئے جائیں گے۔
2013-03-27