ریاض(خصو صی رپورٹ)سعودی عرب کی مواصلاتی کمپنی اتصالات کی 70ہزار سمز اس وقت ایران میں ایکٹو ہیں اس امر کا انکشاف سعودی عرب کی مجلس شوری کے رکن سعود الشمری نے مقامی اخبارسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔گفتگومیں سعود الشمری نے تجویز دی کہ اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ سعودی عرب اتصالات کے نیٹ ورک پر دوران رومنگ مفت کال سننے کی سہولت ختم کر دے کیونکہ مملکت کی جغرافیائی حدود سے باہر استعمال ہونیوالی سمز کو آزادانہ طور پر ٹریک نہیں کیا جا سکتا اور امکانی طور پر انہیں کسی مجرمانہ سرگرمی کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض بین الاقوامی معاہدے حکومتوں کو اس بات کا پابند بناتے ہیں کہ کسی جرم کی صورت میں ذاتی کالز کا ریکارڈ فراہم کیا جائے لیکن دنیا بھر میں کوئی بھی مواصلاتی کمپنی یہ کام مفت نہیں کرتی۔ادھر ایک اور عرب روزنامے نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی مواصلاتی کمپنیوں کی جاری کردہ بیس لاکھ سمز مصر اور ستر ہزار ایران میں استعمال کی جا رہی ہیں۔سعود الشمری نے گزشتہ روز مجلس شوری کے اجلاس میں ہونے والی بحث میں سوال اٹھایا کہ سعودی عرب کی مواصلاتی کمپنیوں نے فری رومنگ کی جو سہولت فراہم کر رکھی ہے اس کا خسارہ وہ اندرون ملک کالز کے بھاری نرخ مقرر کر کے پورا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض سمز مستقل طور پر بیرون ملک استعمال ہو رہی ہیں، جس سے سعودی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سہولت سے بیرون ملک دس لاکھ سعودی فائدہ اٹھاتے ہیں جبکہ اسی سہولت سے دس ملین غیر ملکی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے مواصلاتی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ ایسے پیکیج متعارف کرائیں کہ جن کا بوجھ صرف اندرون ملک سعودیوں پر نہ ڈالا جائے۔
2013-04-11