کراچی ….ٹیلی کمیونیکشنز کی صنعت نے گزشتہ سالوں کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور حقیقی طور پر با اختیار نئی سہولیات اور مصنوعات متعارف کروائی ہیں جس سے پاکستانی عوام کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہاریہاں منعقد ہونے والی چھٹی سالانہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کانفرنس 2013ء (ٹیلی کون 2013ء) میں ملک میں نئی ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے استعمال کے فروغ اور قومی و بین الاقوامی سطح پر شعبہ کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ میں کانفرنس کے شرکاء نے کیا۔ کانفرنس میں حکومتی اداروں، کارپوریٹ، بزنس، سماجی اسور تعلیمی اداروں کے ماہرین نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں مقررین نے ٹیلی کمیونیکیشن کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں کی نشاندہی کی اورکہا کہ ہم ٹیکنالوجیز کے استعمال میں سست روی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مختلف ممالک 3جی ایل ٹی ای ٹیکنالوجی سے 3-4ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں جبکہ بعض ممالک اس سے جدید ٹیکنالوجیز پر منتقلی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ پی ٹی سی ایل کے ای ای وی پی فرقان قریشی نے کہا کہ نئی تبدیلیوں سے استفادہ کے لئے ہمیں مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے باوجود ہمیں ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا اور ہمارے پاس ایک موقع ہے کہ ایک اور قدم آگے بڑھائیں اور پاکستانی عوام کی سہولیات میں اضافہ کیلئے کام کریں۔ شیمراک کانفرنسز انٹرنیشنل کے زیر انتظام انڈسٹری کی حالت کے حوالے سے تھاٹ لیڈرشپ فورم سے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے سابق مشیر سلمان انصاری، پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عامر ظفر چوہدری اور پاشا کی صدر جہاں آراء نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔سابق وفاقی وزیرسائنس اورٹیکنالوجی جاوید جبار نے اپنے کلیدی خطاب میں انڈسٹری کے رجحانات، سماجی اقدار پاکستان میں صنعت کی نمو کیلئے پالیسی امور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ صرف ٹیلی کمیونیکیشن بلکہ گورنننس کی بہتری کے لئے نئے اقدامات کرنے ہونگے تا کہ قومی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ریاست کے ستونوں کو مضبوط کیا جا سکے۔ٹیلی کان 2013ء کے چیئرمین مینن روڈ ریگوئس نے کہا کہ ٹیلی کام کی صنعت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور حقیقی طور پر بعض با اختیار سروسز شروع کی ہیں جبکہ انڈسٹری نے نئی مصنوعات اور ایونٹس بھی تخلیق کئے ہیں جس سے پاکستانی عوام کی زندگیوں میں تبدیلی رونما ہوئی ہے۔