ماسکو(آن لائن) امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے ملازم ایڈورڈسنوڈن کے دیگر ممالک کے خفیہ معلومات کے انکشافات کے بعد روس نے کمپیوٹر کو چھوڑ کر ٹائپ رائٹرز کی مدد لینے کا فیصلہ کرلیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جدید کمپیوٹر جنہوں نے دنیا بھر میں تہلکہ مچایا وہاں پر خفیہ دستاویزات اور اہم معلومات کو بھی عام کرنے میں مدد دی جس کی مثال امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے ملازم ایڈورڈ سنوڈن ہیں جنہوں نے امریکہ میں فون ٹائپنگ اور یورپ ، برطانیہ ، پاکستان سمیت دیگر ممالک کی خفیہ نگرانی رابطوں کا بھی انکشاف کیا اس خوف سے روس نے جدید کمپیوٹرز کو چھوڑ کر ماضی میں استعمال ہونے والے ٹائپ رائٹرز کی مدد لینے کا فیصلہ کرلیا روسی حکومت نے سیکرٹ دستاویزات کی تیاری کیلئے کمپیوٹر کو غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے الیکٹرک ٹائپ رائٹرز خرید لئے ہیں جو کہ نہ صرف نیٹ ورک سے جدا ہوتے ہیں بلکہ ان کا انداز تحریر بھی منفرد ہونے کی وجہ سے تحریر کیلئے استعمال کی جانے والی مشین کا پتہ بھی نہیں لگایا جاسکتا ہے
2013-07-14