اسلام آباد۔۔۔ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن مس انوشہ رحمن نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ای گورنمنٹ کا پروگرام تمام وزارتوں میں جاری کرنا ہے جس کیلئے یقینی طور پرایک ڈیٹا سنٹر کی ضرورت ہے ۔ مگرنئے ڈیٹا سنٹر کے قیام میں مزید دو سال کا عرصہ لگ سگتا ہے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی بغیر کسی تاخیر کے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ای گورننس کے منصوبے کاآغاز فوری طور پر کرنا چاہتی ہے۔اس مقصد کیلئے متبادل طریقہ کار پر غور کیا گیا ۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس ضمن میں پی ٹی سی ایل کے چیئرمین کیساتھ مشاورت کے بعد پی ٹی سی ایل کا ڈیٹا سنٹر استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے یہ بات واضح رہے کہ کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ای گورنمنٹ کے منصوبہ کا آغاز پہلے ہی کیا جا چکا ہے اور اس منصوبے کو وزیراعظم کے دفتر میں لانچ کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے جو بہت جلد مکمل ہوجائے گا۔اس کے بعد یکے بعد دیگرے باقی وزارتوں اور صوبوں میں اس کا اجراء کیا جائے گا ۔
وزیر مملکت نے مزید ازاں کہا کہ اس بارے میں پلاننگ کمیشن سے بھی غیر رسمی مشاورت کی جاچکی ہے اور دونوں وزارتوں میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے یہ اقدام اسلئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس سے نا صرف ٹرانسپرنسی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ عوام کے کروڑوں روپوں کا بے جا ضیاع کا سدباب بھی ممکن ہوگا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں الیکٹرانک کارڈ سسٹم کا اجرا بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے اور متعلقہ کارڈ کا استعمال خود وزیر مملکت کیلئے بھی ضروری ہے اور جس کے بغیر کوئی شخص بھی وزارت میں داخل ہونے کا مجاز نہ ہے۔