Site icon Teleco Alert

مرکزی بنک  نے 40 ہزار روپے کے غیر رجسٹرڈ پرائز بانڈز کی فروخت روکدی

مرکزی بنک  نے 40 ہزار روپے کے غیر رجسٹرڈ پرائز بانڈز کی فروخت روکدی
چالیس ہزارروپے کے پرانے پرائز بانڈز 31 مارچ 2020 کے بعد نہ کیش ہونگے اور نہ ہی رجسٹرڈ ہونگے
چالیس ہزارروپے کے پرانے پرائز بانڈز کو چالیس ہزارروپے کے رجسٹرڈ پریمیم پرائزبانڈ میں تبدیل کیا جاسکے گا
اگر بانڈ فوری  کیش کرانا ہو تو فارم بھر کے بانڈز کے مالک کے اکائونٹ میں رقم منتقل کی جاسکے گی،سٹیٹ بینک

کراچی (صباح نیوز)پاکستان کے مرکزی بینک  نے 40ہزار روپے کے پرائز بانڈز سے متعلق نئی ہدایات جاری کردی ہیں،  سٹیٹ  بینک بنک آف پاکستان نے بنکوں سے کہا ہے کہ وہ  چالیس ہزار روپے کے غیر رجسٹرڈپرائز بانڈز کی فروخت روک دیں۔اسٹیٹ  بینک  کی طرف سے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیاکہ  چالیس ہزارروپے کے پرانے پرائز بانڈز 31 مارچ 2020 کے بعد نہ کیش ہونگے اور نہ ہی رجسٹرڈ ہونگے۔پاکستان کے مرکزی بینک کی طرف سے گذشتہ روز جاری کیے گئے  ہدایت نامے کے مطابق پرانے پرائز بانڈز کی اب کوئی قرعہ ندازی بھی نہیں  ہوگی اور نہ ہی31مارچ 2020کے بعد انہیں کیش کرایا جاسکے گا۔اسٹیٹ بینک  کے مطابق  چالیس ہزارروپے کے پرانے پرائز بانڈز کو چالیس ہزارروپے کے رجسٹرڈ پریمیم پرائزبانڈ میں تبدیل کیا جاسکے گا، اسی طرح  بانڈ  ہولڈرز پرانے چالیس ہزار روپے کے پرائز بانڈزکو قومی بچت سرٹیفکیٹ یا ڈیفنس بچت سرٹیفکیٹ میں تبدیل کراسکیں گے۔مرکزی بینک  کے ہدایت نامے کے مطابق 31 مارچ 2020 تک بانڈز صارفین  سٹیٹ بنک کے 16 اور چھ کمرشل بینکو ں سے چالیس ہزارروپے کے بانڈز  کو پریمیم پرائز بانڈز میں رجسٹرڈ کراسکیں گے،40 ہزار روپے والے بیئر رپرائز بانڈ ہولڈر کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ اپنے بانڈز کو سٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل بینک آف پاکستان، یونائیٹڈ بینک، ایم سی بی بینک، الائیڈ بینک آف پاکستان، حبیب بینک آف پاکستان اور بینک الفلاح کی مجاز برانچز سے رجسٹرڈ پرائز بانڈ میں تبدیل کروا سکیں گے۔اس کے علاوہ 40 ہزار روپے کے بیئرر پرائز بانڈ رکھنے والوں کو یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ اس کے بدلے میں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس یا اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس، اسٹیٹ بنک آف پاکستان، کمرشل بنکوں کی مجاز برانچز یا مراکز قومی بچت سے حاصل کرسکتے ہیں۔اسٹیٹ بینک  کی طرف سے کہا گیا کہ اگر بانڈ فوری  کیش کرانا ہو تو فارم بھر کے بانڈز کے مالک کے اکائونٹ میں رقم منتقل کی جاسکے گی۔خیال رہے کہ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس اور اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس
پر منافع کی شرح بہت پرکشش ہے، جہاں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس پر سالانہ منافع 12.41 فیصد اور اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس  پر اوسط سالانہ منافع 11.57 فیصد ہے۔
#

Exit mobile version