واٹس اپ پر بنے ٹریڈرز گروپ نے تاجروں کے تمام دھڑوں کو ایک کردیا
ٹریڈر ز گروپ میں شامل تمام تاجر آج بجٹ کیخلاف ہنگامی اجلاس کریں گے
کاروبار کی تالا بندی جیسے انتہائی اقدامات پر غور کیا جائے گا’ ذرائع
کراچی (صباح نیوز)ایمنسٹی اسکیم اور وفاقی اور صوبائی بجٹ میں ٹیکس اقدامات پر تاجر برادری میں تشویش سے دوچار ہے۔ کراچی کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں میں ان دنوں صرف ایمنسٹی کی گونج سنائی دے رہے ہیں کاروبار ی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں بازار اور تجارتی مراکز سنسنان پڑے ہیں۔ بڑی تجارتی انجمنوں اور چیمبر آف کامرس کی جانب سے اپنے تحفظات براہ راست حکومت کے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات میں گوش گزار کردیے گئے تاہم چھوٹے تاجروں کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم اور نان فائلرز کے خلا ف تادیبی اقدامات، بینک اکائونٹس کی بائیومیٹرک تصدیق اور بڑی مالیت کے بانڈز کی ملکیت کی منتقلی پر پابندی جیسے اقدامات سے چھوٹے تاجر براہ راست متاثر ہورہے ہیں۔ کراچی میں چھوٹے تاجروں اور مختلف بازاروں کی انجمنوں کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے واٹس اپ پر بنائے گئے ٹریڈرز گروپ نے بجٹ،ایمنسٹی اور دیگر ٹیکس اقدامات پر چھوٹے تاجروں کے تحفظات کو اجاگر کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کردیا ہے۔ ٹریڈرزگروپ کے تحت آج28جون 2019کو لکھپتی لان، نزد علی بھائی آڈیٹوریم، نشتر روڈ، گارڈن میں دوپہر 03بجے کراچی کے چھوٹے تاجروں کاکنوینشن منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں چھوٹے تاجر، الیکٹرانک مارکیٹ، آئرن اسٹیل مارکیٹ، ٹمبر مارکیٹ ،میڈیسن مارکیٹ، جامعہ الائنس سمیت آل کراچی تاجر اتحاد، سندھ تاجر اتحاد، آل سٹی تاجر اتحاد اور مختلف تاجر الائنس کے نمائندے شرکت کریں گے اجلاس میں موجودہ صورتحال پر غور کرتے ہوئے اجتماعی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا جس میں کاروبار کی تالا بندی جیسے انتہائی اقدامات شامل ہیں۔