عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے، اکنامک یونٹ چیف امریکی قونصلیٹ
منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے امید افزا عزائم کا اظہار کیا ہے،چیڈ مائنر
پاکستان نے امن و امان کی صورت حال میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، دانش خان کا کاٹی میں خطاب
کراچی ( صباح نیوز) امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کے اکنامک یونٹ چیف چیڈ مائنر نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے شدت پسندی، منی لانڈرنگ کے خاتمے اور معاشی اصلاحات سے متعلق امید افزا عزائم کا اظہار کیا ہے، امریکی کمپنیاں اور سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے منعقدکردہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقعے پر کاٹی کے صدر دانش خان، سینیئر نائب صدر فرازالرحمن، نائب صدر ماہین سلمان، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور مسعود نقی، فرخ مظہر، طارق ملک، عمر ریحان اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ اکنامک یونٹ چیف چیڈ مائنر کے زیر سربراہی امریکی قونصل خانے کی اکنامک آفیسر جین فوسٹر اور اکنامک اسپیشلسٹ مہرین کاشف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقعے پر کاٹی کے صدر دانش خان نے اکنامک یونٹ چیف کو کورنگی صنعتی علاقے کی پیدوار اور ملکی معیشت میں اس کے اہم کردار سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات کا ایک بڑا حصہ امریکی مارکیٹ میں جاتا ہے تاہم عالمی سطح پر تجارتی تنازعات کے بعد پاکستانی مصنوعات کے لیے امریکی منڈی میں رسائی بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ دانش خان نے کہا کہ پاکستان نے امن و امان کی صورت حال میں بہتری اور منی لانڈرنگ کے جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں ماحول ساز گار ہے۔ انہوں نے کہ تجارتی معاہدوں میں پاکستان کو مراعات دی جائیں تو دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے۔ دانش خان نے کہاکہ پاکستان کے زراعت، لائیو اسٹاک، پھلوں اور سی فوڈ کی پراسیسنگ سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع پائے جاتے ہیں۔ مسعود نقی نے کہا کہ امریکا نے پاکستان میں سماجی شعبے، تعلیم اور تعمیر و ترقی کی بہتری کے لیے قابل ذکر سرمایہ کاری کی ہے تاہم سماجی سطح پر بہتری لانے کے لیے انڈسٹرلائزیشن ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ امریکا پاکستان کے صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے ذریعے معیشت اور سماجی اشاریوں کی بہتری میں اپنا معاون کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس روابط کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے امریکا کو پاکستان کا سفر کرنے والے شہریوں کے لیے جاری کی جانے والی ٹریول ایڈوائس پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ مسعود نقی کا کہنا تھا کہ پاکستان بیرونی دنیا میںپائے جانے والے اپنے تاثر سے کئی گنا بہتر اور محفوظ ملک ہے۔ بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اکنامک یونٹ چیف چیڈ مائنر کا کہنا تھا کراچی زندگی سے بھرپور شہر ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے امیج میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر غور کررہی ہیں اور اس سلسلے میں پیش رفت بھی متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے شدت پسندی، منی لانڈرنگ کے خاتمے اور معاشی اصلاحات سے متعلق امید افزا عزائم کا اظہار کیا ہے جب کہ افغانستان میں جاری امن عمل میں پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدمات کے بہتر نتائج متوقع ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں پائے جانے والے مواقع امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان میں کام کرنے کی خواہش مند ہیں۔ سینیئر نائب صدر فراز الرحمن کا کہنا تھا کہ افرادی قوت اور پیداواری لاگت کے حوالے سے پاکستان امریکا کے لیے بہترین انتخاب ہوگا اگر ٹیکنالوجی کی منتقلی کرکے یہاں پیداوار کی جاتی ہے تو امریکا کو برآمدات کی مد میں بھی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے باہمی تجارتی تعلقات مزید بہتر بنانے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔