شہباز شریف خاندان کے 150بنک اکاونٹس منجمد کردئے گئے
منجمد کیے جانے والے اکاونٹس میں شہبازشریف سمیت انکے بیٹے حمزہ اورسلمان شہباز کے اکاونٹس شامل
اسلام آباد(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب)کے حکم پر شہبازشریف خاندان کے مختلف بنکوں میں لگ بھگ ڈیڑھ سو بنک اکاونٹس منجمد کردیئے گئے۔ منجمد کیے جانے والے اکاونٹس میں شہبازشریف سمیت انکے بیٹے حمزہ اورسلمان شہباز کے اکاونٹس شامل ہیں ۔ نیب کی جانب سے ، رابعہ عمران، مہرانسا، نصرت شہباز سمیت عائشہ ہارون کے اکاونٹس بھی منجمد کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب)لاہور کی طرف سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ 15جولائی کو سامنے آیا تھا۔ یہ فیصلہ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیسز کی وجہ سے کیا گیا جن کی تحقیقات کے دوران شہباز شریف تسلی بخش جوابات نہ دے پائے۔شہباز شریف کی جانب سے ٹرانزیکشنز کی تمام تر تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔ اثاثہ جات منجمد کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا جبکہ ریونیو، ایکسائز اور دیگر متعلقہ مالیاتی اداروں کوبھی جلد خط بھیجوا دیے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کے اثاثے عارضی طور پر منجمد کروائے جائیں گے۔جب تک شہباز شریف اپنی جائیداد سے متعلق نیب کو مطمئن نہیں کرپائیں گے تب تک یہ اثاثے منجمد رہیں گے۔