ایک مرتبہ پھر ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کا مطالبہ نمبر1 ”ٹوئٹر ٹرینڈ” بن گیا
امیدہے عوامی رائے کا احترام کیا جائے گا اور قوم کو عافیہ کی واپسی کی خوشخبری سننے کو ملے گی، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی
ٹوئٹر ٹرینڈ میں دنیا بھر سے ہزاروں لوگوں نے حصہ لے کر وزیراعظم کو ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کا فریضہ یاد دلایا
عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا ٹوئٹرٹرینڈ کامیاب بنانے پرڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز سے اظہار تشکر
کراچی ( صباح نیوز) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ ایک مرتبہ پھر ٹوئٹر پر نمبر1 ”ٹاپ ٹرینڈ” بن گیا۔ٹوئٹرٹرینڈشروع ہوتے ہی ہزاروں کی تعداد میں عافیہ موومنٹ کے رضاکار #PakistanAwaitsAafia ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹرینڈ میں شامل ہوگئے جس کے باعث ابتدائی چند منٹوں میں ہی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کا مطالبہ” نمبر 1” ٹوئٹر ٹرینڈ بن گیا۔ یہ سلسلہ کئی گھنٹوں رات گئے تک جاری رہا۔عافیہ وطن واپسی ٹوئٹر ٹرینڈ کے دوران انتہائی مختصر وقت میں دنیا بھر سے 27 ہزار سے زائد افراد نے رضاکارانہ طور پر حصہ لیا۔ٹوئٹر ٹرینڈ میں حصہ لینے والے زیادہ تر افراد نے اس امید کا اظہار کیا کہ عمران خان ماضی کے حکمرانوں سے مختلف ثابت ہوں گے۔ وہ دورہ امریکہ کے موقع پر قوم کی بیٹی کو فراموش نہیں کریں گے اور ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ پورا کریں گے جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور آئی ایس آئی کے ڈی جی لیفٹینٹ جنرل فیض حمید سے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے معاملہ میں کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے ٹوئٹر پربھرپورمہم چلانے پر عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز سے اظہار تشکر کیا اور انہوں نے امید ظاہر کی ارباب اختیار کی جانب سے عوامی رائے کا احترام کیا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے قوم کو عافیہ کی وطن واپسی کی خوشخبری سننے کو ملے گی ۔