حکومت سماجی رابطے کی ویب سائٹس بلاک کردے، چیئرمین پی ٹی اے کی تجویز

حکومت سماجی رابطے کی ویب سائٹس بلاک کردے، چیئرمین پی ٹی اے کی تجویز
حکومت پالیسی بنا کر سماجی رابطے کی ویب سائٹس کو مقامی سطح پر بلاک کرے یا پی ٹی اے کی تکنیکی صلاحیت بڑھائی جائے
سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد بہت بڑا مسئلہ ہے، سوشل میڈیا پر جعلی ناموں سے بھی اکائونٹ چلائے جارہے ہیں
اب تک 39ہزار سے زائد لنکس کو بلاک کیا جاچکا ہے، عظیم باجوہ کی سینیٹ قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے چیئرمین میجر جنرل(ر)عامر عظیم باجوہ نے تجویز دی ہے کہ حکومت پالیسی بنا کر سماجی رابطے کی ویب سائٹس کو مقامی سطح پر بلاک کرے یا پی ٹی اے کی تکنیکی صلاحیت بڑھائی جائے۔سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس بیرسٹر محمد علی سیف کی سربراہی میں ہوا، جس میں پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے حکام نے سوشل میڈیا پر مذہب سے متعلق توہین آمیز مواد کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین پی ٹی اے عظیم باجوہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد بہت بڑا مسئلہ ہے، سوشل میڈیا پر جعلی ناموں سے بھی اکائونٹ چلائے جارہے ہیں، زیادہ ویب سائٹس بیرون ممالک سے آپریٹ ہورہی ہیں۔چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ حکومت پالیسی بناکر چین اور یو اے ای کی طرح سماجی رابطے کی ویب سائٹ کو بلاک کردے، حکومت پالیسی بنائے اور مقامی سطح پر متبادل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ بنائی جائیں، بصورت دیگر پی ٹی اے کی تکیینکی صلاحیت کو بڑھائیں۔عظیم باجوہ کا کہنا تھا کہ 2010سے لیکر اب تک 39ہزار سے زائد لنکس کو بلاک کیا جاچکا ہے، لوگوں میں آگہی پیدا کرنے کے اشتہار دیتے ہیں کہ توہین آمیز مواد جرم ہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ بچوں کی پورنوگرافی میں پاکستان کے نمبر ون ہونیکی غلط فہمیاں ہیں، 2015میں ایک بین الاقوامی اخبار نے رپورٹ کیا کہ پاکستان بچوں کی پورنوگرافی میں نمبر ون ہے، بین الاقوامی اخبار کی اس خبر میں دیے گئے اعداد و شمار غلط تھے، پاکستان میں یقینا چائلڈ پورنوگرافی ہے لیکن پاکستان چائلڈ پورنوگرافی میں پہلے نمبر پر نہیں، ہم نے پورنوگرافی سے متعلق ساڑھے 8لاکھ ویب سائٹس بلاک کی ہیں۔چیئرمین نے مزید بتایا کہ گستاخانہ مواد سے متعلق ہمیں عوام کی ساڑھے 8ہزار شکایات موصول ہوئیں، گستاخانہ مواد کی 40ہزار ویب سائٹس بلاک کیں، ڈارک ویب پاکستان میں موجود ہے لیکن اس کو کنٹرول کرنا آسان نہیں، ڈارک ویب کے ذریعے پراکسی کے بلاک ویب سائٹس کھول دی جاتی ہیں۔عظیم باجوہ نے کہا کہ حکومت نے ہمیں سوشل میڈیا رولز بنانے کے احکامات دیے ہیں، پی ٹی اے سوشل میڈیا کے رولز تیار کر رہا ہے جسے جلد پیش کریں گے۔ایف آئی اے حکام نے کمیٹی کو اپنی بریفنگ میں بتایا کہ سائبر کرائمز کے حوالے سے 3 سال میں 32 ہزار شکایات موصول ہوئیں، ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کے پاس صرف 15تفتیشی اہلکار ہیں، پنجاب سے 15اور اسلام آباد سے4کیسز میں ملوث افراد کو گستاخانہ مواد پر گرفتار کیا گیا، گستاخانہ مواد کے 12کیسز کی تفتیش ہو رہی ہے۔
#/S