وفاقی کابینہ نے 17 جولائی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہونے والوں فیصلوں کی توثیق کردی۔سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف اور سابق صدر ممنون حسین کے بیرون ملک دوروں پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئیں۔وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ یوسف رضا گیلانی نے 4 برسوں میں 48 غیر ملکی دوروں پر 57 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے۔ یوسف رضا گیلانی نے ایک کروڑ 5 لاکھ روپے کی ٹِپ اور ایک کروڑ 22 لاکھ روپے کے تحائف دیے۔راجہ پرویز اشرف نے ایک سال میں 9 بیرون ملک دورے کیے جن پر 10 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوئے، راجہ پرویز اشرف نے 47 لاکھ روپے ٹِپ کی مد میں ادا کیے۔سابق صدر ممنون حسین نے پانچ سال میں 31 غیرملکی دورے کیے جن پر 27 کروڑ 82 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال کیا گیا، سابق حکمرانوں سے عوام کے ٹیکس کا پیسہ واپس لیا جائے گا۔وفاقی کابینہ نے 5 ریگولیٹری اتھارٹیز کے انتظامی اختیارات متعلقہ وزارتوں سے لے کر کابینہ ڈویژن کو منتقل کرنے، پاسپورٹ سے پیشے کا کالم ختم کرنے اور وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے اخراجات کو قرضہ تحقیقاتی کمیشن کا سیکرٹری مقرر کرنے کی بھی منظوری دی