Site icon Teleco Alert

مبینہ جعلی اکائونٹس کیس میں قومی احتساب بیورو کی ایک اور بڑی کامیابی


مبینہ جعلی اکائونٹس کیس میں قومی احتساب بیورو کی ایک اور بڑی کامیابی
غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں ٹھیکے لینے والی کمپنی کے مالک نے اعتراف جرم کرتے ہوئے رقم واپس کر دی
ہریش نامی ملزم نے دو کروڑ تین لاکھ 52ہزار ادا کرکے پلی بارگین کر لیاہے،نیب
اسلام آباد(صباح نیوز)مبینہ جعلی اکائونٹس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب)کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی ہے۔ غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں ٹھیکے لینے والی کمپنی کے مالک نے اعتراف جرم کرتے ہوئے رقم واپس کر دی ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہریش  نامی ملزم نے دو کروڑ تین لاکھ 52ہزار ادا کرکے پلی بارگین کر لیاہے۔ ہریش نامی کمپنی کے مالک غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں ملزم نامزد ہیں۔اسی ریفرنس میں اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید ، مناہل مجید اور سابق سیکرٹری سندھ اعجاز خان ملزم نامزد ہیں۔ ضمنی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کو بھی ملزم نامزد کئے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب)نے ایک ماہ کے دوران کرپشن میں ملوث 25ملزمان سے پلی بارگین کر کے تین ارب روپے نکلوائے ہیں۔نیب راولپنڈی نے30دنوں کے دوران 2.12ارب  ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ نیب بلوچستان نے بدعنوان عناصر سے75لاکھ کے لگ بھگ رقم وصول کر کے حکومت بلوچستان کے حوالے کی۔خیال رہے کہ30جولائی کواحتساب عدالت کے ا یڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے جعلی اکاونٹس کے نوری آباد پاور کمپنی اور سندھ ٹرانسمیشن فنڈز میں خورد برد کیس میں گرفتار آصف محمود اور عارف علی کی پلی بارگینگ کی درخواست منظور کی تھی۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دونوں ملزمان 2.12ارب روپے دینے کے لیے تیار ہیں دونوں ملزمان کاروبار میں برابر کے پارٹنر ہیں ملزمان آصف محمود اور عارف علی نے سندھ حکومت کے افسران سے مل کر بڈنگ کے ذریعے کرپشن کی۔جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں کتنے پیسے دینے کے لئے ملزمان تیار ہیں؟ کیا آپ اپنے خوشی سے پلی بارگین کر رہے ہیں، ملزمان کی طرف سے جواب دیا گیا کہ وہ جی خوشی سے پلی بارگین کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نوازشریف اور آصف علی زرداری کو بھی پلی بارگین کی آفر کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان کو جیلوں میں رکھنا نہیں چاہتی ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ان لوگوں نے جتنا پیسہ لوٹا ہے واپس کریں اور ہماری جان چھوڑیں۔

Exit mobile version