نریندرا مودی کی امریکہ آمد کے موقع پر شدید احتجاج کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کا 25ستمبرکو نریندرا مودی کی امریکہ آمد کے موقع پر شدید احتجاج کا اعلان
وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو بھرپور تیاریوں کی ہدایات
سفاک مودی سرکار تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط روندتے ہوئے کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے،عمران خان
سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا، وزیر اعظم کی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ سے گفتگو

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے 25ستمبرکو نریندرا مودی کی امریکہ آمد کے موقع پر شدید احتجاج کا اعلان کردیا، وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو بھرپور تیاریوں کی ہدایات جاری کردی ہیں۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے او آئی سی سے متعلق سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم کے حالیہ دورہ امریکہ کے بعد کی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کی جانب سے ان کے امریکہ میں قیام اور تنظیمی سرگرمیوں پر وزیراعظم کو مفصل بریفنگ دی گئی۔ اگلے ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیو یارک آنے والے بھارتی وزیراعظم کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیراعظم نے تحریک انصاف نیویارک کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سفاک مودی سرکار تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط روندتے ہوئے کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔
#