مقبوضہ کشمیر:5اگست کے بعد سے کشمیر پولیس اور بھارتی فوج کے درمیان لڑائی کے تین واقعات ہو چکے ،امریکی میڈیا
ہم سے ہمارے ہتھیار لے کر ہمیں لاٹھیاں تھما دی گئیں ہماری تضحیک ہے کیونکہ ہمیںفوج کے شعبے میںکلرک یا مدد گار بنا دیاگیا ہے۔کشمیر پولیس اہلکار
سرینگر(صباح نیوز)امر یکی میڈیا نے کشمیر پولیس کے افسر کے حوالے سے کہاہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کئے جانے کے بعد سے بھارتی فوجیوں اورکشمیر پولیس کے اہلکاروں کے درمیان لڑائی کے کم سے کم تین واقعات ہو چکے ہیں جن میں فوج اور پولیس دونوں کے اہلکار زخمی ہو ئے ہیں ۔ کشمیر پولیس کے تیس افسروںنے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی میڈیا کو بتایا کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے انہیں سائیڈ لائن کر دیا ہے اوران سے ہتھیار واپس لے لیے ہیں۔ اچانک صدارتی حکم نامے کے ذریعے رواں ماہ کے آغاز میں جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی پر کشمیر پولیس کو شدید دھچکا پہنچا تھا جس کے بعد وہ بھارتی فورسز اور ان کے دوست اور ہمسائے انکی وفاداریوں کے بارے میںسوالات کرنا شروع ہو گئے تھے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ہم پر نہ تو اپنے لوگوںاور نہ ہی اعلیٰ حکام کو اعتماد ہے اور ان سے ان کا سرکاری اسلحہ بھی لے لیاگیا ہے۔ برسوںسے کشمیر پولیس معلوما ت اکٹھی کرنے اور کارکنوں اور مجاہدین کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے فرائض انجام دے رہی تھی ۔تاہم کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی سے چند روز قبل ایک لاکھ سے زائد اضافی بھارتی فوجیوں کو مقبوضہ علاقے میں تعینات کردیا گیاتھا اور کشمیریوںکا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع کرنے کیلئے قابض انتظامیہ نے موبائیل فون ، انٹرنیٹ ، ٹیلی فون اور دیگر ذرائع مواصلات پر قدغن عائد کر دی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں معاشرے میںسماجی تنہائی کا سامنا ہے اور انتظامیہ نے انتقامی کارروائیوں کے خوف جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی سے قبل ہی ان سے ان کا سرکاری ہتھیار واپس لے لئے تھے۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کئے جانے کے بعد سے بھارتی فوجیوں اورکشمیر پولیس کے اہلکاروں کے درمیان لڑائی کے کم سے کم تین واقعات ہو چکے ہیں جن میں دونوں اطراف کے اہلکار زخمی ہو ئے ہیں ۔بعض پولیس اہلکاروںکا کہنا ہے کہ انہیں اپنے کردار کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے کیونکہ جموںوکشمیر اب ایک نیم خود مختار ریاست سے وفاق کے زیر انتظام علاقہ بن چکا ہے ۔ ایک اور پولیس اہلکار کہنا تھا کہ ہم سے ہمارے ہتھیار لے کر ہمیں لاٹھیاں تھما دی گئی ہیں جو کہ ہماری تضحیک ہے کیونکہ ہمیںفوج کے شعبے میںکلرک یا مدد گار بنا دیاگیا ہے۔