حکمران جماعت کا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف 27ستمبر تک تسلسل سے احتجاج کا فیصلہ
کشمیر میں بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام اور بھارتی فوج کے ظلم و جبر کے خلاف قرارداد منظور
، وزیرِ اعظم نے تحریک انصاف کے تمام رہنماؤں ممبران پارلیمنٹ کو جمعہ کو احتجاج میں شرکت کی ہدایت
اپنے اپنے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں عوام کی مظاہروں میںبھرپور شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت
وزیرِ اعظم کا پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (صباح نیوز) حکمران جماعت نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف یو این جنرل اسمبلی کے 27ستمبر کے اجلاس تک تسلسل سے احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔ کشمیر میں بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام اور بھارتی فوج کے ظلم و جبر کے خلاف قرارداد منظور کی گئی ہے، وزیرِ اعظم نے تحریک انصاف کے تمام رہنماؤں ممبران پارلیمنٹ کو جمعہ کو احتجاج کے سلسلے میں اپنے اپنے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں عوام کی مظاہروں میںبھرپور شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت بدھ کو پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ دفاع پرویز خٹک، جہانگیر خان ترین، عامر محمود کیانی، قائد ایوان سینٹ سید شبلی فراز، میاں محمد سومرو، ظہیر الدین بابر اعوان، وزیرِ مواصلات مراد سعید، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد، عاطف خان، وزیر ہوابازی غلام سرور خان و دیگر سینئر قیادت شریک ہوئی۔ اجلاس میں کشمیر کی صورتحال اور پارٹی کے تنظیمی معاملات پر گفتگو کی گئی۔ کور کمیٹی نے کشمیر میں بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام اور بھارتی فوج کے ظلم و جبر کے خلاف قرارداد منظور کی ہے ۔ کور کمیٹی نے وزیرِ اعظم کی جانب سے کشمیرکی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے کوششوں اور انکی قیادت کو سراہا ہے ۔ وزیرِ اعظم نے کور کمیٹی اراکین کو ہدایت کی کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور ممبران پارلیمنٹ جمعہ کے روز ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں اپنے اپنے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں موجود ہوں اور اس احتجاج میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور یہ احتجاج 27 ستمبر تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسلمانوں کے خلاف ہونے والے جبر و ستم کو ہر سطح پر اٹھایا جائے اور عالمی برادری کو یہ باور کرایا جائے کہ بھارت کے حالیہ اقدام سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ خطے کے امن و استحکام کے لئے ضروری ہے کہ عالمی برادری کشمیرکے مسلمانوں کو ان کا جائز حق دلانے میں کردار ادا کرے۔