سرینگر میں بھارتی فورسز کی طرف سے محرم الحرام کے جلوس پر طاقت کا وحشیانہ استعمال
چار صحافیوں سمیت متعددافراد زخمی
سرینگر07ستمبر (کے ایم ایس)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے آج سرینگر کے علاقے حسن آباد رعناواری میں محرم الحرام کے جلوس پر طاقت کاوحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میںچار صحافیوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے جلوس کے شرکاء پر پیلٹ فائر کئے ، آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیا۔ بھارتی فورسز نے جلوس کی عکس بند ی کرنے والے صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایاجس سے چار صحافی بھی زخمی ہوگئے۔ بھارتی فورسز نے تین صحافیوں شاہد خان ، مدثر ڈار اوربلا ل بٹ کو پکڑ کر لاٹھیوں اور بندوق کے بٹوں سے تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیا جبکہ فورسز اہلکاروں کی پیلٹ فائرنگ سے بھی ایک فوٹو جرنلسٹ زخمی ہوگیا۔ بھارتی فورسز نے ایک فوٹوجرنلسٹ کا کیمرہ بھی توڑ دیا ۔