مقبوضہ کشمیر میں خاموشی طوفان سے پہلے کی سی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
admin
جنیوا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انسانی حقوق کونسل کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خور و نوش اور دواؤں کی شدید قلت ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔ بھارت نے 6 ہفتوں سے کرفیو لگا کر کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے 6 ہفتوں سے کشمیری حریت قیادت کو نظر بند کر رکھا ہے، بی بی سی رپورٹ میں کشمیری نے کہا کہ مجھ پر تشدد نہ کریں، گولی ماردیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ برطانوی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کی جانب سے ظلم و بربریت 21 ویں صدی میں کیا جا رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔ بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں پر بیہمانہ تشدد کر رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا دعویٰ غلط ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں خاموشی طوفان سے پہلے کی سی ہے۔ بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مظالم روانڈا اور گجرات جیسے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت ایل او سی پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دہشت گردی کا رنگ دیتا ہے۔ دنیا کی توجہ دنیا کی 2 جوہری طاقتوں میں کشیدگی کی طرف دلانا چاہتا ہوں، بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے جعلی آپریشن کر سکتا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کونسل میں مقبوضہ کشمیر کےعوام کا مقدمہ لے کر آیا ہوں، بھارت نے پاکستان کی مذاکرات کی تمام پیشکشوں کو مسترد کیا۔ کشمیریوں کو مظالم سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔ بھارت کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کو پاؤں تلے روند رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کی شدت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، 80 لاکھ سے زائد کشمیری دہائیوں سے بھارتی جبر کا شکار ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کو غیر قانونی آپریشن کے ذریعے 6 ہفتے سے قید کر رکھا ہے۔ یکطرفہ اقدامات نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ بھارت جمہوری اور سیکیولر ہونے کا ڈھونگ رچاتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کس قانون کے تحت بھارت نے 6 ہزار افراد کو گرفتار کیا؟ مقبوضہ کشمیر میں انسانی پامالیوں کے خلاف پوری دنیا بول رہی ہے۔ وادی میں آزادی کا سورج طلو ع ہونے تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی اور کلسٹراور ہیوی بم استعمال کیے۔ کالے قوانین کی آڑ میں کشمیریوں کو بھارت منتقل کر دیا گیا۔ بڑی تعداد میں کشمیری بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔