تنخواہ دار وںکے لئے نیاموبائل ایپ تیار ،جلدلانچ کر دیا جائے گا،سید توقیر بخاری
ایپ میں جائیداد سے ہونے والی آمدنی کا خانہ بھی رکھا جائے،ٹیکس ماہرین
ایف بی آر نے جو نئے گوشوارفارم میں غلطیاں ہیں، درست کیا جائے
امسال فائلرز کی تعداد میں چالیس لاکھ افراد کا اضافہ متوقع ہے
اسلام آباد(صباح نیوز)راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن (رِٹبا)کے صدر سید توقیر بخاری نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے تنخواہ دار افراد کے لئے نئی موبائل ایپلیکیشن تیار کر لی ہے جسے چند دن میں لانچ کر دیا جائے گا۔ اس ایپ کو ممکنہ حد تک سادہ رکھا گیا ہے تاکہ تنخواہ دار افراد کسی پریشانی کے بغیراز خود گوشوارے داخل کروا سکیں۔ایف بی آر نے جو نئے گوشوارہ فارم روشناس کروائے ہیں ان میں کافی غلطیاں ہیں جنھیں جلد از جلد درست کیا جائے جبکہ تنخواہ دار ملازمین کے لئے بنائے جانے والے ایپ میں جائیداد سے ہونے والی آمدنی کا خانہ بھی رکھا جائے۔رِٹباکے صدر سید توقیر بخاری نے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایپ سے ایف بی آر کی کارکردگی اور محاصل میں اضافہ متوقع ہے۔انھوں نے بتایا کہ مختلف شعبوں کے لئے مختلف اور عام فہم ریٹرن فارم متعارف کروائے جا رہے ہیں جس سے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور جیولرز وغیر ہ سے ٹیکس کا حصول آسان ہو جائے گا۔سیمینار سے ایپ ڈویلپ کرنے والے ادارے پرال کے ڈاکٹر وسیم احمداور آصف علی شیخ نے حاضرین کو پریزینٹیشن دی اور انکے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے ٹیکس گزاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ رِٹباکے سینئیر ممبر حبیب فخر الدین نے اپنے خطاب میں ایف بی آر کی جانب سے حالیہ اقدامات کا جائزہ پیش کیا اور کمزوریوں کی نشاہدہی کرتے ہوئے کہا کہ 2019 میں گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میںچالیس لاکھ افراد کے اضافہ کا امکان ہے جبکہ گزشتہ سال اس میں پچیس لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے جو ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔سیمینار میں سینئیر وائس پریزیڈنٹ فراز فضل شیخ، نائب صدر نعیم الحق ایڈوکیٹ،سیکرٹری جنرل زاہد شفیق، سید تنسیر بخاری، میڈیا کوآرڈینیٹر صوفیہ اختر، جمال اختر میاں، سفیر احمد، اظہر حسین شیخ، حبیب اللہ، خالد مسعود ملک، توصیف عالم، حسن رضا بلوچ، اعجاز حسین راٹھوربھی موجود تھے۔