مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبری تسلط اور کرفیو کے 66 روز پورے ہو گئے
روز سے گھروں میں قید کشمیریوں تک ضروریات زندگی کی کسی بھی چیز کی رسائی ممکن نہیں
کپواڑہ، بارہ مولا، سری نگر، کلگام، شوپیاں سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبری تسلط اور کرفیو کے 66 روز پورے ہوگئے، کاروبار زندگی تاحال معطل ہے۔ اخروٹ کے کاشتکار پھل وقت پر منڈیوں میں نہ پہنچنے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہو گئے۔مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لینے لگا، گھروں میں محصور کشمیری قابض فوج کی بربریت کا شکار، قابض فوج رات گئے لوگوں کے گھروں میں دھاوا بول دیتی ہے۔گزشتہ روز بھاری فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ بھارتی فوج بارہ روز سے کپواڑہ، بارہ مولا، سری نگر، کلگام، شوپیاں سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔66 روز سے گھروں میں قید کشمیریوں تک ضروریات زندگی کی کسی بھی چیز کی رسائی ممکن نہیں۔ سیبوں کے بعد اخروٹ کے کاشتکار بھی کرفیو کی وجہ سے پریشان ہو گئے۔ قرضے لے کر کھیتی کرنے والے کشمیری کسان پھل پکنے کے بعد منڈیوں تک نہیں پہنچا سکے۔ فوجی محاصرے کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بند اور سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل جبکہ تمام کاروباری ادارے بھی بند ہیں۔سکول اور سرکاری دفاتر ویرانی کا منظر پیش کررہے ہیں۔