ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں ایک دستی بم حملہ
حملے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد زخمی ہو گئے
بھارتی فوجیوں نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا
سری نگر(کے پی آئی)سرینگر کے علاقے ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں کیے جانے والے بم حملے میں متعدد بھارتی اہلکار زخمی ہوگئے۔ نامعلوم افراد کی طرف سے ہفتے کے روز کو سرینگر کے علاقے ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں ایک دستی بم دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد زخمی ہو گئے۔بتایا جا رہا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد بھارتی سیکورٹی اہلکار ہیں۔ واقعے کے فورا بعد بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ دوسری جانب بھارتی فوجیوں نے ضلع گاندربل میں تلاشی آپریشن ہفتہ کو مسلسل16ویں روز بھی جاری رکھا۔فوجیوں نے نارہ ناگ، ٹرم کہل اور ضلع کے دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی 27ستمبر کو شروع کی تھی اور یہ گزشتہ پندرہ ماہ کے دوران مقبوضہ علاقے میں کیا جانے والا سب سے طویل آپریشن ہے۔آپریشن میں بھارتی فوج کے کمانڈوز بھی حصہ لے رہے ہیں جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے علاقے میں اتارا گیا۔ قابض فوجی آپریشن کے دوران اب تک چار کشمیری نوجوانوں کوشہید کرچکے ہیں ۔