جموں و کشمیر اور لداخ کے پہلے لیفٹیننٹ گورنرکا تقرر
نریندر مودی کے قریبی گریش چندرمقبوضہ کشمیرکے پہلے گورنر ہوں گے
سرینگر،25اکتوبر (ساؤتھ ایشین وائر):
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے آئی اے ایس افسر گریش چندرا مرمو کو جموں و کشمیر اور رادھا کرشن متھور کو لداخ کا نیا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا ہے۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے موجودہ گورنر ستیہ پال ملک کی جگہ پر گریش چندرا مرمو کو مقرر کیا گیا ہے اور ستیہ پال ملک کو گوا کا گورنر بنایا گیا ہے۔وہیں رادھا کرشن متھور کو لداخ کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
مرمو مقبوضہجموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گونرر ہوں گے۔
ستیہ پال ملک کو سنہ 2018 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کا گورنر مقرر کیا گیا تھا اس سے قبل وہ بہار کے گورنر تھے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کا تعلق 1985 آئی اے ایس بیچ سے ہے جبکہ فی الحال وہ وزارت خزانہ میں ایکسپنڈیچر سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔نیوز سروس ساؤتھ ایشین وائر کو معلوم ہوا ہے کہ گریش چندرا، گجرات میں کئی اہم انتظامی عہدیدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ جب نریندر مودی گجرات کے وزیراعلی تھے اس وقت گریش چندرا ان کے پرنسپل سکریٹری رہے ہیں۔ انہیں وزیراعظم نریندر مودی کا قریبی مانا جاتا ہے۔
مرکزی حکومت کے مطابق 31 اکتوبر کو جموں و کشمیر اور لداخ ریاستیں وجود میں آئیں گی ۔
رواں سال 5 اگست کو مودی حکومت نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرتے ہوئے وادی کو دو مرکزی زیرانتظام علاقوں میں تبدیل کردیا تھا۔