کراچی :جناح ایئرپورٹ پر کسٹمز کی کارروائی۔درجنوںموبائل فونز برآمد۔ 6 ملزمان گرفتار
بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سے بڑی تعداد میں موبائل فونز، اسمارٹ واچز، لیپ ٹاپ، پراجیکٹر و دیگر سامان بھی برآمد
کراچی(صباح نیوز) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے بڑی تعداد میں موبائل فونز برآمد کرلیے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، بڑی تعداد میں موبائل فونز اسمگل کرنے کے الزام میں 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ڈپٹی کلکٹر کسٹمز توصیف گورچانی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سے بڑی تعداد میں موبائل فونز، اسمارٹ واچز، لیپ ٹاپ، پراجیکٹر و دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔توصیف گورچانی کا کہنا تھا کہ برآمدبرانڈڈموبائل فونزکی تعداد 200سے زائد ہے ،اسمگلنگ میں ملوث6ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے جو غیر ملکی پرواز کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچے تھے۔اس سے قبل بھی کسٹم حکام نے دبئی سے کراچی آنیوالی غیر ملکی ایئرلائن کی پروازکے ذریعے آنے والے مسافرسے تلاشی کے دوران بڑی تعداد میں آئی فونز اوردیگرقیمتی موبائل فون ضبط کرلئے۔کسٹم ترجمان کے مطابق مسافر نے موبائل فون اپنے جسم سے باندھ کرچھپائے تھے۔واضح رہے کہ اسمگل شدہ موبائل فون ملکی خزانے کو بے پناہ نقصان پہنچاتے ہیں۔