کشمیرکی تقسیم کے ہندوستان کے یکطرفہ اقدام سے چین کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا:چین
بیجنگ،31اکتوبر (ساؤتھ ایشین وائر):
جمعرات کو چین نے کشمیر اور لداخ کی انتظامی حیثیت کو تبدیل کرنے کے ہندوستان کے یکطرفہ اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے چین کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا ہے اور یہ غیر قانونی اور غلط ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ، گینگ شوانگ نے کہا کہ چین نے بھارت حکومت کے اس اعلان کے خلاف سخت عدم اطمینان اور مخالفت کا اظہار کیا ہے ،جس سے جموں و کشمیر کے نام نہاد نئے مرکزی علاقے جات قائم کئے گئے ہیں ۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ، گینگ شوانگ جمعرات کو معمول کی پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت کا یکطرفہ اقدام چین کی خودمختاری کو چیلنج کرتا ہے ، جو غیر قانونی اور غلط ہے۔ گینگ نے کہا کہ اس سے چین کا خطے پر کنٹرول تبدیل نہیں ہوگا۔
گینگ نے ہندوستان پر زور دیا کہ وہ چین کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرے ، دونوں ممالک کے مابین متعلقہ معاہدوں کی پاسداری کرے اور سرحدی علاقوں میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ دونوں ممالک کے لئے سرحدی امور کو صحیح طریقے سے حل کرنے کے لئے اچھی صورتحال پیدا ہوسکے۔
گینگ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف واضح اور دوٹوک ہے۔ یہ نوآبادیاتی تاریخ کاچھوڑا ہوا تنازعہ ہے ، اور اقوام متحدہ کے چارٹر ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دوطرفہ معاہدوں کی بنیاد پر مناسب اور پر امن طریقے سے حل ہونا چاہئے ۔