مقبوضہ کشمیر: کولگام میں دو گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں

مقبوضہ کشمیر: کولگام میں دو گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں
سری نگر،یکم نومبر (ساؤتھ ایشین وائر):
 
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں جمعہ کی صبح نامعلوم افرادنے دو گاڑیوں کو نذر آتش کردیا۔
ذرائع نے ساؤتھ ایشین وائرکوبتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کی صبح 3 بجے کولگام کے ایک گاؤں بونی گام، دیوسر میں پیش آیا۔
نصف شب کے بعد نامعلوم افراد بی جے پی کے ایک سینئر کارکن عابد حسین خان کی رہائش کے احاطے میں داخل ہوئے اور وہاں موجود ان کی ماروتی اومنی گاڑی کو نذر آتش کردیا۔ عابد نے فون پر ساؤتھ ایشین وائرکوبتایا کہ وہ واقعے کے وقت گھر میں موجود نہیں تھے۔
ذرائع کے مطابق اسی علاقے میں ایک اور گاڑی کو بھی دوران شب نذر آتش کردیا گیا ۔گاڑی بی جے پی کے مقامی رہنما عادل احمد گنائی کی ہے ، جو مبینہ طور پر اس واقعے کے وقت اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔ گنائی کی گاڑی گھر کے باہر کھڑی تھی۔
ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق جموں و کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ کولگام ضلع میں ایک حملے کے چند دن بعد ہواہے جس میں مغربی بنگال کے چھ مزدور ہلاک ہوگئے تھے ، جس نے وادی بھر میں معمول کی زندگی کو درہم برہم کردیا تھا۔اس حملے کے بعد کشمیر میں متعدد مقامات پر جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔یہ حملہ مبینہ طور پر بھارتی پولیس اور فوجی اہلکاروں کے حمایت یافتہ افراد نے کیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔