وفاقی دارالحکومت میں آزادی مارچ کے اردگرد چارکلو میٹر کے دائرے میں انٹرنیٹ سروس معطل
شہریوں اور کاروباری حضرات کوشدید مشکلات کا سامنا
اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت میں آزادی مارچ کے اردگرد چارکلو میٹر کے دائرے میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہے جس سے شہریوں اور کاروباری حضرات کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔چھ دن سے مسلسل انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی وجہ سے جی ایٹ ، ایچ ایٹ ، آئی ایٹ اور جی نائن کے علاقوں میں مسلسل موبائل انٹرنیٹ بند ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں متحدہ اپوزیشن کے آزادی مارچ کے دوران سیکورٹی وجوہات پر پشاور موڑ کے قریب آزادی مارچ کیلئے مختص کی گئی جگہ کے اردگرد انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے احکامات جاری کیے جس پر پی ٹی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اردگرد کے تمام علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی وجہ سے چار کلو میٹر کے دائرے میں رہنے والے شہریوں اور کاروباری حضرات کو شدید مسائل کا سامنا ہے جبکہ دھرنے میں شریک افراد بھی انٹرنیٹ استعمال کرنے کیلئے مجبوراً دھرنے کی جگہ سے نکل کر باہر جانے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انٹرنیٹ سروس فوری بحال کی جائے، انٹرنیٹ سروس کی معطلی کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔