: مقبوضہ کشمیرمیں اخروٹ کی فصل میں 10کروڑ کا خسارہ
جموں،10نومبر (ساؤتھ ایشین وائر):
مقبوضہ کشمیرمیں اخروٹ کی تجارت کے مرکز سرحدی شہر اوڑی میں میں ، اگست کے بعد سے غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے اخروٹ کے تاجروں کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایک صدی سے زیادہ عرصے سے ، اوڑی کی لگامہ مارکیٹ اخروٹ کے حوالے سے خاص اہمیت کی حامل ہے جہاں خطے کا سب سے اعلیٰ اخروٹ فروخت ہوتا ہے۔
76 سالہ تاجر محمد امین چلو کا کہنا ہے کہ اس موسم میں اخروٹ کی بیشتر فصل تباہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے نیوز ویب سائٹ القمر آن لائن سے بات کرتے ہوئے کہا ، “کرفیو نے صورتحال کو مشکل بنا دیا تھا ۔”
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق اوڑی بیوپار منڈل کے صدر پرویز احمد چلو نے کہا ، “ہم اپنا اسٹاک باہر کے بازاروں میں بھیجنے سے قاصر ہیں۔ ہم نے دو مہینوں میں 10 کروڑ کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے۔ ہم اخروٹ کو مقامی منڈیوں میں فروخت کررہے ہیں لیکن زیادہ کمائی نہیں کر رہے ۔
اوڑی سے اخروٹ دہلی ، ممبئی اور کولکتا ، خاص طور پر دیوالی کے دنوں میں لے جایا جاتا ہے۔ مواصلات کی عدم موجودگی میں ، تاجر آرڈر لینے اور مال بھیجنے سے قاصر ہیں۔
60 سالہ محمد یوسف کاکڑو ، جو لاگاما میں دکان بھی چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے ہمارے نقصان میں اضافہ ہوا۔ہم یہ فیصلہ کرنے سے قاصر ہیںکہ اخروٹ کی شرح قیمت کیا ہونی چاہئے۔
اوڑی میں تاجر اخروٹ کو توڑنے کے لئے روزانہ مزدوری دیتے ہیں جسے بعد ازاں فروخت کیا جاتا ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے کوئی مزدور میسر نہیں ہیں۔ محمد امین چلکو نے کہا جن تاجروں نے مزدورلگائے انہیں اس کے لئے بہت زیادہ معاوضہ ادا کرنا پڑا۔
بادگراں گاؤں کے 36 سالہ شبیر احمد اعوان نے بتایا کہ اخروٹ توڑنے کے لئے مزدور روزانہ 500 روپے کا مطالبہ کرتے ہیں ، جبکہ اس سے پہلے کی شرح 200 تھی۔
محمد امین چلکو نے القمرآن لائن کو بتایا کہ اگر اخروٹ لینے میں تاخیر ہوتی ہے تو ، اس کادانہ سیاہ ہوجاتاہے ، جس کی وجہ سے قیمت میں کمی آتی ہے۔اخروٹ کے مغز، یعنی دانے کے رنگ سے اس کے معیار اور قیمت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ سفید اخروٹ کے دانے کوہول سیل میں 800 سے 1000 روپے کی قیمت پر فروخت کیا جاتا ہے ، بھورے رنگ یا کالے رنگ کے دانے کو کو آدھی قیمت پر فروخت کیا جاتا ہے۔
40 سالہ شفقت عزیز ، جو 15 سال سے کاروبار میں ہیں ، نے بتایا کہ اس سال اخروٹ کی قیمتیں حالات کی وجہ سے بڑھ گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لگامہ مارکیٹ کا مجموعی کاروبار ہر موسم میں 50 سے 60 کروڑ ہے۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق لاگاما میں 25 تھوک فروش اور 60 سے زیادہ مقامی فروخت کنندہ ہیں۔