ریڈیو سے وابستہ صحافیوں کیلئے سائبر سکیورٹی پر تربیتی ورکشاپ

پشاور۔۔خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے ریڈیو سے وابستہ صحافیوں کیلئے سائبر سکیورٹی پر تربیتی ورکشاپ
کے پی آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ جاری رہے گا، ڈائریکٹر مارکیٹنگ محمد منیم

پشاور(صباح نیوز) خیبر پختونخواہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے گزشتہ روز ریڈیو براڈکاسٹرز فورم خیبرپختونخوا کے اراکین کے لیے سائبر سکیورٹی اور فیک نیوز کی نشاندہی کے حوالے سے ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ آئی ٹی بورڈ کے سائبر ایمرجنسی رسپانس سنٹر میں منعقدہ اس تربیتی پروگرم میں ریڈیو جرنلزم سے وابستہ صحافیوں، ریڈیو پریزنٹرز اور پروڈیوسرزنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تربیتی پروگرام کے دوران خیبرپختونخوا سائبر ایمرجنسی رسپانس سنٹر کے چیف رفیع الشان نے شرکاء کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف موضوعات کے حوالے سے تربیت دی۔ انہوں نے سائبرسیکورٹی، انٹرنیٹ کے استعمال، ای میل اور موبائل کے استعمال کے دوران خطرات اور حفاظتی تدابیرکے بارے میں شرکاء کو آگاہی دی۔ ورکشاپ کے دوران فیک نیوز یا جھوٹی خبر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر رفیع الشان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ سوشل میڈیا پر شائع  یا گردش کرنے والے خبروں کی مکمل جانچ کریں۔ انہوں نے ورکشاپ کے شرکا ء کو مثالوں کے ذریعے جھوٹی خبروں کے نقصانات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر رفیع الشان نے صحافیوں کو مختلف سافٹ وئیر اور آن لائن پلیٹ فارم کے بارے میں بھی تفصیلات بتائیں جن کی بدولت تصاویر اور خبروں کی جانچ کی جاسکتی ہے۔تربیتی پروگرام کے اختتام پر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈائریکٹرمارکیٹنگ محمد منیم نے ریڈیو براڈکاسٹر فورم کے ممبران میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔انہوں نے مستقبل میں بھی صحافیوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد میں تربیت اور آگاہی کے لئے اس قسم کے پروگرام منعقد کرنے کا عندیہ دیا۔اس موقع پر خیبرپختونخوا ریڈیو براڈکاسٹرز فورم کے’کو فاؤنڈر’ خائستہ رحمان نے آئی ٹی بورڈ کے عہدہ داروں کا  شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، صحافت سے وابستہ افراد کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مزید تعاون بھی کرے گا۔
#/S