بھارتی میڈیا اور عدلیہ بی جے پی کے زیر اثر ہیں۔۔۔ آر ایس بابو
کیرالہ ،17نومبر(ساؤتھ ایشین وائر):
ھارتی ریاست کیرالہ کی میڈیا اکیڈمی کے چیئرمین آر ایس بابو نے مقبوضہ وادی کشمیر میں میڈیا کی آزادی پر پابندیوں کے حوالے سے پریس کونسل آف انڈیا کے موقف پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
آر ایس بابو نے کیرالہ کے دارلحکومت ترواننتھا پورم میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیااس وقت پوری طرح سے بی جے پی کی پالیسی کے زیر اثر ہے اور یہ افسوسناک ہے کہ عدلیہ بھی اسکے اثرات سے مبرا نہیں۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق سینئر صحافی سرسوتی ناگراج نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین صحافیوںکو بھی اس وقت کئی مسائل و مشکلات کا سامنا ہے لہذا یہ ضروری ہے کہ اس حوالے سے بھی بات کی جائے۔ سیمینار سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر لوگوں نے بھی خطاب کیا۔
پریس کونسل آف انڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کی آزادی پر پابندیوں کے خلاف بھارتی سپریم میں دائر ایک درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے علاقے میں بھارتی حکومت کے اقدامات کو جائز ٹھہرایا تھا۔