سیکورٹی کا جدید ڈیجیٹل نظام رائج کرنے کیلئے ایک پائلٹ پراجیکٹ

سیکورٹی کا جدید ڈیجیٹل نظام رائج کرنے کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی اور غیر ملکی فرم کے اشتراک سے ایک پائلٹ پراجیکٹ جلد شروع کیا جا رہا ہے، عمر فاروق

فیصل آباد(صباح نیوز)  وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر عمر فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ فیصل آباد میں مقامی کمیونٹی کے تعاون سے سیکورٹی کا جدید ڈیجیٹل نظام رائج کرنے کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی اور غیر ملکی فرم کے اشتراک سے ایک پائلٹ پراجیکٹ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ تائیوان کی ایک کمپنی کے وفد کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں سے ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ مغرب میں مصنوعی سیکورٹی کی وجہ سے ہی لوگ نہ صرف قانون کا احترام کرتے ہیں بلکہ سچ بولنے پر مجبور ہیں کیونکہ اُن کی حرکات و سکنات کی ہر وقت ریکارڈنگ ہوتی ہے ، جس کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ ہم بھی اس نظام کو اپنا کے اپنی آنے والی نسلوں کی تقدیر کو بدل سکتے ہیں۔ حکومتی سطح پر ایسے منصوبوں کی منظوری ایک طویل اور کٹھن مرحلہ ہے جبکہ مقامی کمیونٹی کیلئے اپنے وسائل سے اس پر فوری عمل درآمد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنا کے ہم شہر کے مجموعی صنعتی، تجارتی اور کاروباری حالات میں بھی بہتری لا سکتے ہیں۔ تائیوان کی فرم نے کئی ممالک میں ایسے منصوبے کامیابی سے مکمل کئے ہیں جبکہ فیصل آباد کے اعلیٰ سول اور پولیس حکام سے بھی ان کی ابتدائی ملاقاتیں ہو چکی ہیں جنہوں نے اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ چیمبر کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ سیکورٹی بزنس کمیونٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس کیلئے وہ ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس سلسلے میں لگائے جانے والے کیمروں کا کنٹرول ضلعی پولیس کے پاس ہو گا لیکن اس سے نجی شعبہ بھی فائدہ اٹھا سکے گا ۔ تاہم اس کیلئے الگ طریقہ کار اختیار کرنا ہو گا۔ تائیوا ن کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر ٹائی ٹی ٹوٹونگ نے بتایا کہ انہوں نے ویڈیو کیمروں کو مصنوعی سیکورٹی سے منسلک کرنے کا نیا تجربہ کیا ہے جس کے ذریعے سڑکوں پر اوور سپیڈنگ کو روکنے کے علاوہ جرائم پر قابو پانے میں بھی مدد لی جا سکتی ہے۔ ویڈیو کیمرے مختلف پکسل کے ہو سکتے ہیں جن کے ذریعے گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھنے کے ساتھ ساتھ دیگر معلومات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کے عابد عزیز نے بتایا کہ اس منصوبے کیلئے پی ٹی سی ایل کا آپٹیکل فائبر نیٹ ورک استعمال کیا جا سکتا ہے۔  اس منصوبے سے سیکورٹی کے ساتھ ساتھ گورننس میں بھی دس سے تیس فیصد تک بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوںنے اس نظام کے ذریعے دیگر اطلاعات کو ایک پورٹل پر یکجا کرنے کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ بجلی اور پانی کے میٹروں کی بھی ریڈنگ اس کے ذریعے کی جا سکتی ہے انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کو چالو کرنے کیلئے صرف چھ سے 8ماہ کا عرصہ درکا ر ہو گا۔ مسٹر چی ماں لو نے بتایا کہ اس منصوبے کو چلانے کیلئے کم از کم دس سال کی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جبکہ اس کے اخراجات خود کمیونٹی برداشت کرے گی۔