انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے صدرپاکستان کی سربراہی میں17 رکنی اعلیٰ سطح کی قومی کمیٹی قائم
اسلام آباد(صباح نیوز) ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیداوار اور فروغ کیلئے صدرپاکستان کی سربراہی میں17 رکنی اعلیٰ سطح کی قومی کمیٹی قائم کردی گئی۔ کمیٹی کے قواعد و ضوابط کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ اور پیداوار کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ صدر مملکت کمیٹی کے چیف پیٹرن، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام، چیئرپرسن اور وفاقی سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام کمیٹی کے بھی سیکرٹری ہوں گے۔ کمیٹی میں چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکرٹریز، ڈی جی ٹیکنیکل، چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈ آئی ٹی بی،تانیہ الڈوز، پروفیسر سعد احمد قاضی، ایوب خان، عزیز الرحمن، اظہر رضوی، سلمان انصاری اور شہزاد شاہد شامل ہیں۔