ہواوے بھارت میں 5 جی انٹرنیٹ سروس کا آغاز کرے گی
چینی دیوہیکل آئی ٹی کمپنی کی مدد سے شروع کی جانے والی 5 جی انٹرنیٹ سروس اس سال کے آخر تک بھارت میں صارفین کو دستیاب ہوگی
بھارت میں ماہانہ 451 ملین صارفین انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں
انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے حوالے سے بھارت دنیا میں چین کے بعد دوسرے نمبر پر
نئی دہلی(صباح نیوز) چین کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی ہواوے سال 2020 کے آخر تک بھارت میں 5 جی انٹرنیٹ سروس کا آغاز کرے گی۔چینی دیوہیکل آئی ٹی کمپنی کی مدد سے شروع کی جانے والی 5 جی انٹرنیٹ سروس اس سال کے آخر تک بھارت میں صارفین کو دستیاب ہوگی۔ہواوے بھارت کی ایک بڑی وائرلیس کمپنی کو 5 جی سروس جون میں شروع کرنے کے حوالے سے لائسنس کا اجرا کر چکی تھی۔ امریکہ کی جانب سے چینی کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کے بعد بھارت میں 5 جی سروس کا آغاز جون میں شروع کرنے میں تاخیر پیش آئی ہے۔بھارت کے ٹیلی مواصلات کے وزیر روی شنکر پرساد کا کہنا ہے کہ اس سال ہم نے آزمائشی بنیادوں پر تمام صارفین کو 5 جی اسپکٹرم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہواوے ٹیلی کام انڈسٹری میں گلوبل لیڈر کی حیثیت رکھتی ہے۔ بھارت میں بھی ہواوے کا اہم کردار ہے اور یہ بھارت میں 5 جی انٹرنیٹ کی آزمائشی سروس کا حصہ ہوگی۔بھارت میں ماہانہ 451 ملین صارفین انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے حوالے سے بھارت دنیا میں چین کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔بین الاقوامی خفیہ ادراوں نے بھارت میں کام کرنے والی یورپی ٹیلی مواصلاتی اپریٹرز بشمول ٹیلی نار اور ٹیل یا کو چینی کمپنی کے ساتھ کام کرنے سے متعلق خبردار کیا گیا تھا تاہم ان کمپنیوں نے 5 جی سروس کے حوالے سے ہواوے کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دی ہے۔خیال رہے کہ ہواوے جرمنی میں بھی 5 جی انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کے حوالے سے یورپی ملک سے یاد داشت پر دستخط کرچکی ہے۔