عوام کے ٹیلی کام سروسز سے متعلق شکایات کے ازالے کا آسان نظام فراہم کرنا ہے چیرمین پی ٹی اے

پی ٹی اے کنزیومر سپورٹ سینٹر کا آغاز کردیاگیا،
عوام کے ٹیلی کام سروسز سے متعلق شکایات کے ازالے کا باسہولت اور آسان نظام فراہم کرنا ہے چیرمین پی ٹی اے

اسلام آباد(صباح نیوز)ٹیلی کام صارفین کی سہولت کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)نے ایک کنزیومر سپورٹ سینٹر(سی ایس سی)کا آغاز کیا ہے جس میں تربیت یافتہ اور مستعد نمائندے موجود ہیں۔ اس سی ایس سی کی خدمات ہفتے کے ساتو ں دن صبح 9بجے سے رات9بجے تک ٹال فری نمبر0800-55055 پر دستیاب رہیں گی۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل عامر عظیم باجوہ (ریٹائرڈ)نے منگل کو  پی ٹی اے ہیڈ کوارٹر میں سی ایس سی کا  افتتاح کیا۔ا س سی ایس سی کا مقصد عوام الناس کو ٹیلی کام سروسز سے متعلق شکایات کے ازالے کا باسہولت اور آسان نظام فراہم کرنا ہے۔ صارفین اپنے موبائل آپریٹر، انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے، فکسڈ لائن فون کی خدمات فراہم کرنے والے اور دیگر  ٹیلی کام آپریٹرز کے حوالے سے  شکایات کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ڈیوائس آئیڈنٹیفکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس)، ویب مواد کی رپورٹنگ(توہین مذاہب،فحش مواد وغیرہ)، یو اے این، ٹول فری نمبر، یو آئی این  کے علاوہ شارٹ کورڈ / سی وی اے ایس کے تعین کے بارے میں اپنی شکایات اور مسائل کے حل کے لئے بھی سی ایس سی  سے رابطہ کر سکتے ہیں۔صارفین سی ایس سی پر موجود نمائندے کو کچھ بنیادی معلومات فراہم کریں گے جس کے بعد نمائندہ ان کے سوالات و شکایات کی نشاندہی درج  شکایات کا  جواب دے گا.اس موقع پر چیئرمین  پی ٹی ا ے نے کہا کہ پی ٹی اے  ٹیلی کام صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے پرعزم ہے۔ کنزیومر سپورٹ سینٹر کا آغاز پی ٹی اے کی جدت پسندی، صارفین کے مسائل کی مکمل سمجھ بوجھ  اور ان کے حل کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی پختہ لگن کی عکاسی کرتا ہے۔  ٹیلی کام صارفین کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے پہلے متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر سے رابطہ کریں۔ اگر متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر کی جانب سے کسی صارف کی شکایت کا ازالہ نہ ہویاصارف مطمئن نہ ہو تو وہ پی ٹی اے کے سی ایس سی پر شکایت کے ازالے کے لئے رابطہ کر سکتے ہیں یا پھر  پی ٹی اے کی  ویب سائٹ: www.pta.gov.pkپر شکایت کا اندراج کرسکتے ہیں۔
#/S