وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
عمرا ن خا ن نے افغان امن معاہدے میں اہم کردار ادا کیا،بھارت کیساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے ممکنہ اقدامات کیے
افغان امن کیلئے عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا تاریخی اور فیصلہ کن کردار ہے،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور
لاہور (صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، صارفین کا کہنا ہے کہ عمرا ن خا ن نے افغان امن معاہدے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے بھی ممکنہ اقدامات کیے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ افغان امن کیلئے عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا تاریخی اور فیصلہ کن کردار ہے، طالبان امریکہ امن معاہدہ وزیراعظم عمران خان کے اصولی موقف کی جیت ہے، اس لئے عمران خان ہر لحاظ سے امن کے نوبل انعام کے حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے دنیا افواج پاکستان کی قربانیوں کی بھی تعریف کر رہی ہے ،دہشت گردی کے خلاف بھر پور جنگ لڑنیوالی افواج پاکستان پر ہمیں فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مخلص کوششوں کی وجہ سے ہی افغانستان میں19سالہ جنگ کا خاتمہ ہو رہا ہے، پاکستان پورے خطے میں امن کا حامی ہے کیونکہ اس سے ترقی اور خوشحالی آئیگی، بھارت کے جنگی جنون کے خلاف بھی وزیر اعظم عمران خان نے امن کا پیغام دیا۔