تعلیمی ادارے اورآن لائن کاروبار لیگل وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول بلا روک ٹوک استعمال کرسکتے ہیں ،پی ٹی اے

 تعلیمی ادارے اورآن لائن کاروبار لیگل وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول، ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس اور ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشنز بلا روک ٹوک استعمال کرسکتے ہیں ،پی ٹی اے

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے اعلان کیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے اور آن لائن کاروبار اپنی سرگرمیاں آن لائن جاری رکھنے کے لئے لیگل وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول(وی او آئی پی)، ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این)اور ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشنز بلا روک ٹوک استعمال کرسکتے ہیں۔واٹس ایپ، سکائپ، گوگل میٹس، زوم، بلیو جینز، سسکوویب ایکس، ٹیم ویوئر، میراکی وی پی این، وغیرہ جیسی تمام لیگل وی او آئی پی،وی پی این اور ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشنزورچوئل ایجوکیشن اور بزنس میں استعمال کیلئے دستیاب ہیں۔تاہم پی ٹی اے، ٹیلی کام رولز اینڈ ریگولیشنز کے مطابق صرف ان وی او آئی پی اور وی پی این کے خلاف اقدام کررہا ہے جو قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والی غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک میں ملوث ہیں۔ لہذا میڈیا میں بعض عناصر کی طرف سے یہ تاثر کہ پی ٹی اے نے تمام لیگل وی او آئی پی، وی پی این اور ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشنز بند کردیئے ہیں، بالکل غلط ہے۔مزید برآں بی پی او آپریشن اور کال سنٹر انڈسٹری کی آسانی اور انہیں باقاعدہ بنانے کے لئے پی ٹی اے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور ٹیلی کام (ایم او آئی ٹی اینڈ ٹی)اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی سی ای بی) کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔ انڈسٹری کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ سروس پرووائڈرز کے ذریعہ بھیجی گیئں انٹرنیٹ پروٹوکول وائٹ لسٹنگ کی درخواستوں پر 24 گھنٹے کے اندر عمل ہوتا ہے۔ پی ٹی اے پاکستان میں صارفین کو اعلی آئی سی ٹی سروسز فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔
#/S