پی ٹی اے ایس ایم ایس کے ذریعے آگہی اورکورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا پتہ چلانے میں مدد کررہاہے
کورونا وائرس کے خلاف جاری قومی اقدامات کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں
دس کروڑ نوے لاکھ ایس ایم ایس اردو اور انگریزی زبان میں بھیجے ہیں
اسلام آباد(صباح نیوز)پی ٹی اے ایس ایم ایس کے ذریعے آگہی اور موبائیل فون ٹیکنالوجیزکے استعمال کے ذریعے کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا پتہ چلانے میں مدد دے کر کورونا وائرس کے خلاف جاری قومی اقدامات کا بھر پور ساتھ دے رہا ہے۔کورونا وائرس کی موجودہ وبا پھوٹنے کے بعد پی ٹی اے کی ہدایت پر موبائل فون آپریٹرز نے عوام میں کورونا وائرس کی آگہی کے لئے اب تک دس کروڑ نوے لاکھ ایس ایم ایس اردو اور انگریزی زبان میں بھیجے ہیں تاکہ موبائل صارفین کو کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی اقدامات سے آگا ہ کیا جا سکے۔ اب تک چین اور ایران سے آنے والے مسافروں کو ایک لاکھ ستر ہزار سے زائد ایس ایم ایس بھیجے گئے ہیں کہ اگر ان میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوں تو وہ فوری طور پر طبی امداد طلب کریں۔صحت سے متعلق معلوماتی سروسز کی فراہمی کے لئے ایک شارٹ کوڈ1166مختص کیا گیا ہے جو کہ نیشنل ایمرجنسی سینٹر کے زیر استعمال ہے۔عوام کو کورونا وائرس سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لئے سکھر میونسپل کارپوریشن کے لئے یواے این 111-757-777 مختص کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پی ٹی اے وزارت صحت، وزارت داخلہ، این ڈی ایم اے اور قومی ادارہ صحت(این آئی ایچ) کو ڈیٹا کی فراہمی کے لیے مدد کر رہا ہے جس سے کورونا وائرس کے ہیٹ میپ تیار کیے جائیں گے