کورونا وائرس: ٹیلی اسکول چینل کیلئے وزارت تعلیم، پی ٹی وی میں معاہدہ

کورونا وائرس: ٹیلی اسکول چینل کیلئے وزارت تعلیم، پی ٹی وی میں معاہدہ
ٹی وی چینل کے ذریعے تعلیم کو فروغ دینے کے لیے 8 گھنٹے پر مشتمل نشریات ہوں گی
مذکورہ چینل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک نشریات جاری رکھے گا
معاہدے کے مطابق مختص کردہ چینل آئندہ 3 ماہ میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام شروع کردے گا،وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد(صباح نیوز)وزارت تعلیم نے کورونا وائرس کی وجہ سے تدریسی نظام میں پیدا ہونے والے خلل کو پورا کرنے کے لیے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے ساتھ معاہدہ کرلیا جس کے تحت ٹیلی اسکول ٹی وی چینل کا آغاز کیا جائے گا۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم شفقت محمود اور پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور نے وزارت تعلیم میں ایک جلاس کیا اور بعد میں دونوں فریقین کے عہدیدار اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں شریک ہوئے۔ایسے وقت میں جب تمام تدریسی ادارے عالمی وبا کی وجہ سے بند ہیں پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اس نازک وقت میں وزارت تعلیم کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی وی چینل کے ذریعے تعلیم کو فروغ دینے کے لیے 8 گھنٹے پر مشتمل نشریات ہوں گی۔وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ معاہدے کے مطابق مختص کردہ چینل آئندہ 3 ماہ میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام شروع کردے گا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ چینل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک نشریات جاری رکھے گا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ صبح کے اجلاس کے دوران جونیئرز کو کلاسز دینے کے بعد سینئرز کو کلاسز دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینل طلبہ کے تعلیمی نقصانات کو کم کرنے کے لیے کورونا وائرس وبائی مرض کے بعد تعلیمی مواد کی فراہمی کا ایک متبادل طریقہ کار ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ چینل ممکنہ طور پر اگلے 10 دن میں اس مواد کی نشریات شروع کردے گا۔انہوں نے کہا کہ مواد کو حتمی شکل دینے کے بعد اسے پی ٹی وی کے حوالے کردیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ اگرچہ براہ راست تدریس اور کلاس روم کے ماحول کا کوئی مقابلہ نہیں لیکن ہمیں امید ہے کہ یہ متبادل طریقہ کار طلبہ کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگا۔شفقت محمود نے کہا کہ یکم جون کو تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے لیکن وزارت نے پی ٹی وی کے ساتھ 3 ماہ کے معاہدے پر دستخط کیے کیونکہ ایک مہینہ کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے دوران بیک اپ ٹائم ہے۔انہوں نے کہا کہ اشتہاروں کے ذریعے والدین اور طلبہ کو مذکورہ چینل کے شیڈول کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای)کے ذرائع نے بتایا کہ ماہرین کی ایک بڑی تعداد نے مواد کی تیاری میں حصہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ متعدد نجی کمپنیوں نے بھی مواد فراہم کیا اور مفت میں مواد کو حتمی شکل دینے میں ان کی مدد کی۔ایف ڈی ای کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ مواد میٹرک تک مکمل ہوچکا ہے اور اگلے تین دن میں اسے پی ٹی وی کے حوالے کردیا جائے گا کچھ دنوں کے بعد ہم انہیں انٹرمیڈیٹ سے متعلق دیگر مواد فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی ٹیم طلبہ کی توجہ مبذول کروانے کے لیے گرافکس شامل کرے گی اور کچھ تبدیلیاں کرے گی
#/S