کراچی(صباح نیوز)جے آئی (ویمن)یوتھ کراچی نے رمضان المبارک میں وقت کی بہترین منصوبہ بندی کیلیے ڈجیٹل اینڈرائڈ ایپلی کیشن ‘رمضان پلانر فار گرلز’جاری کر دی ہے۔ 29ایم بی کی یہ ایپلی کیشن پلے اسٹور سے موبائل پر مفت ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔اس خوبصورت ایپلی کیشن کے ذریعہ نہ صرف نیکی کے کاموں کی رغبت ملتی ہے بلکہ انسان انفرادی جائزہ بھی لے سکتا ہے۔ایپلی کیشن میں نمازوں کا ریکارڈ متعین کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن مجید کی تلاوت کا ٹریکر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔حسن معاشرت و حقوق العباد کی ادائیگی کے لیے نیکی کے دیگر کاموں کی جانب بھی رغبت دلائی گئی ہے۔ روزانہ سحر و افطار کے اوقات کار کی یاددہانی کے ساتھ احادیث و دیگر تربیتی امور بھی روزانہ اپڈیٹ ہوتے ہیں۔جے آئی یوتھ کراچی کی صدر عذرا سلیم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کے ذریعہ ہم اپنی تذکیر و تربیت کر سکتے ہیں اور اسی میں ہماری کامیابی ہے۔انہوں نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس ایپلی کیشن کی ترویج و استعمال کا کلچر پورے معاشرے میں تبدیلی کا موجب بن سکتا ہے۔
2020-05-03